کریم نگر۔/21مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں خواتین کی گمشدگی ، خواتین اور لڑکیوں کو عصمت فروشی میں مبتلا کرنے والوں اور غیر سماجی عناصر پر پولیس کی گہری نظر رکھنے کیلئے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔ ضلع ایس پی وی شیوا کمار نے یہ احکامات جاری کئے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں گمشدہ خواتین بعد ازاں عصمت فروشی کے اڈوں سے برآمد ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھولی بھالی لڑکیوں کو ڈرا دھمکاکر زبردستی عصمت فروشی جیسے گھناؤنے کام میں ملوث کیا جارہا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ان خواتین و لڑکیوں کو اس دلدل سے آزاد کرواکر ان کی باز آباد کاری کے انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچہ مزدوری سے بچوں کو بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔