گمشدہ بچی کی تلاش، نڈال نے میچ روک دیا

بارسلونا ، 30 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسپین کے ٹینس اسٹار رفائل نڈال ایک نمائشی کھیل میں مصروف تھے کہ اچانک انھیں تماشائیوں میں کچھ افراتفری محسوس ہوئی۔ انہوں نے دیکھا کہ ایک خاتون پریشانی کے عالم میں اپنی گمشدہ بچی کو تلاش کر رہی ہے اور چلا رہی ہے۔ نیوز رپورٹ کے مطابق ڈبلز میچ میں نڈال نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے فوری میچ کو روک دیا جس کی وجہ سے تمام لوگ اس خاتون کی طرف متوجہ ہو گئے اور گمشدہ بچی کو ڈھونڈنے میں اس کی مدد کرنے لگے۔ جلد ہی اس خاتون کو اس کی گمشدہ بچی مل گئی، جسے اس نے دیوانہ وار سینے سے لگایا اور رونے لگی۔ بچی ملنے پر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے تالیاں بجائیں۔ بچی کی ماں نے میچ روکنے پر نڈال کا شکریہ ادا کیا ہے۔ حتیٰ کہ حریف جوڑی کے جان میکنرو بھی نڈال سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔