گمبھی راو پیٹ میں گرام پنچایت مزدوروں کی ہڑتال

گمبھی راؤ پیٹ۔/25جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گمبھی راؤ پیٹ میں گرام پنچایت مزدروں کی ہڑتال آج تیسرے روز میں داخل ہوگئی۔ درپیش مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر کی جانے والی منڈل پریشد آفس کے روبرو ہڑتال کو مختلف مزدور یونینوں کی جانب سے مکمل طور پر تائید دیکھی جارہی ہے۔ یہاں ہڑتالی کیمپ سے ذمہ داروں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ ، پی ایف، ای ایس آئی اور وظیفہ کی سہولتیں فراہم کرنے کی مانگ کرتے ہوئے اس طرح کی ہڑتال کی جارہی ہے۔ اس موقع پر گرام پنچایت کے یہ صفائی گر مزدوروں نے حکومت کے رویہ کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہماری یونینوں کی جانب سے مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر کئی بار توجہ دلائی گئی لیکن حکومت کی معنی خیز خاموشی سمجھ کے باہر ہے۔ مزدوروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے تمام مسائل اور ان کے مطالبات کو پورا کرے ورنہ اس طرح کی جانے والی ہڑتال میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ واضح رہے کہ صفائی گر عملہ کی اس طرح کی ہڑتال پر گاؤں اور ہر محلہ میں صفائی کے عدم انتظامات دیکھے جارہے ہیں جس کی وجہ سے جگہ جگہ کچرے کے انبار پڑے دکھائی دے رہے ہیں۔