گمبھی راؤ پیٹ /6 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر گمبھی راؤ پیٹ اور اس کے اطراف و اکناف کے مواضعات میں گجا سنگاورم ، سمدرا لنگاپور ، گورنٹال ، ملوپلی ، دمناپیٹ ، ناگم پیٹ ، دیسائی پیٹ ، نرمال ، کتہ پلی وغیرہ میں کل شام کے اوقات اچانک ہوئی طوفانی بارش تیز ہواؤں ، ژالہ باری کی وجہ سے دھان کی تیار فصل اور آم کے درختوں کو نقصان پہونچا ۔ شدید گرمی کی تمازت کے بعد مسلسل دو گھنٹے ہوئی بارش نے کسانوں کو معاشی بحران میں مبتلا کردیا ۔ جیسے ہی بارش کا سلسلہ تھما کاشتکاروں کو اپنے اپنے کھیتوں کے طرف رواں دواں دیکھا گیا ۔ جہاں انہیں نقصانات کے علاوہ کچھ ہاتھ نہ آیا کیونکہ ژالہ باری کی وجہ سے دھان کے پودوں سے دھان جھڑ چکے تھے جبکہ تیز ہواؤژ کی وجہ سے آم کے درختوں سے کیریاں شاخ سے ٹوٹ چکی تھی ۔ بعض جگہ برقی تاروں کے ٹوٹنے کی وجہ رات بھر برقی سربراہی منقطع تھی ۔ آبادی کے بیچوں بیچ واقعہ گاندھی چوک پر بلند پانی کی ٹانکی سے لوہے کی بنی سیڑھیاں تیز ہواں کی وجہ سے قریب میں واقعہ دوکانات کی چھت پر اکھڑ کر گرے ۔ آج ان نقصانات کا جائزہ لینے آر ڈی او سرسلہ بھکشا نائیک کے ڈی سی سی چیرمین کونڈوری رویندر راؤ کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کسانوں سے ملاقات کی اور ان سے ان کی آپ بیتی سنی اور محکمہ ریونیو کے ذریعہ نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ تیار کرتے ہوئے اس کو اعلی عہدیداروں کے علاوہ حکومت کو روانہ کی جائے گی ۔ اس موقع پر زیڈ پی ٹی سی رکن ملوگاری پدما نرساگوڑ ، چیرپرسن منڈل پریشد گنگا سایو ، منڈل کوآپشن رکن محبوب علی کے علاوہ انچارج تحصیلدار سرینواس ، یم پی ڈی او سرینواس ریڈی ، اگریکلچرل عہدیدار راجیشوری موجود تھے ۔