گمبھی راؤ پیٹ میں ڈگری کالج کی عمارت کی عنقریب تعمیر

گمبھی راؤ پیٹ ۔ 27 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گمبھی راؤ پیٹ کے ہائی اسکول گراؤنڈ پر گزشتہ دو ہفتوں سے جاری راجیو گاندھی میموریل کرکٹ ٹورنمنٹ کا 26 جنوری کو اختتام عمل میں آیا۔ آل انڈیا یوتھ کانگریس جنرل سکریٹری جناب سید عظمت اللہ حسینی کے تعاون سے منعقد کردہ تین اضلاع سے اس کرکٹ ٹورنمنٹ میں جملہ 44 ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ سوامی وویکانندا کرکٹ کلب گمبھی راؤ پیٹ اور ٹائٹن کرکٹ کلب گمبھی راؤ پیٹ کے درمیان کھیلا گیا جس میں ٹائٹن کلب کے کپتان محمد تمہید علی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 16 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان سے 103 رنز بنائے جس کے جواب میں سوامی وویکانندا کلب کی ٹیم 65 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح بیسٹ بیٹسمین کا خطاب محمد فیروز خاں کو جبکہ بیسٹ بولنگ کا خطاب سرینواس کو دیا گیا۔ بعدازاں انعامات کی تقسیم کا ایک پروگرام زیرصدارت مقامی سرپنچ ملوگاری پدما، نرسا گوڑ عمل میں آیا جس میں اعزازی مہمان کے طور پر آل انڈیا یوتھ کانگریس جنرل سکریٹری جناب سید عظمت اللہ حسینی اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈی ایس پی سرسلہ دامورا نرسیا نے شرکت کی۔ اس موقع پر جناب سید عظمت اللہ حسینی نے اس اختتامی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وہ بہت جلد ٹھوس اقدامات کے ذریعہ ڈگری کالج کی ذاتی عمارت کی تعمیر کیلئے پہل کریں گے تاکہ کالج کے طلباء کیلئے سہولت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ سرسلہ ڈیویژن کے عوام کی خدمت کیلئے تیار ہیں۔

وہ بلالحاظ مذہب و ملت، بلا لحاظ و تفریق سیاسی پارٹیاں ہر ایک کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کوشاں ہیں۔ اس تقریب کو ڈی ایس پی سرسلہ داموری نرسیا نے بھی مخاطب کیا اور کہا کہ آج کل ہر جگہ میدان کھلاڑیوں سے خالی نظر آرہے ہیں جبکہ خاصی تعداد میں نوجوان فیس بک اور انٹرنیٹ کے سامنے نظر آرہی ہیں جس کی وجہ سے ان کا روشن مستقبل تاریکی میں تبدیل ہورہا ہے اور گمراہی کے راستے پر جارہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا اور کہا کہ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ نظم و نسق کو اپناتے ہوئے صاف ستھرا ماحول بنانے کی کوشش کریں۔ اس تقریب کو ملوگاری نرسا گوڑ، محمد وزیر علی، لنگم یادو، راجیشور ریڈی، بالکشمی نے بھی مخاطب کیا اور اس کرکٹ ٹورنمنٹ کے کامیاب انعقاد پر آل انڈیا یوتھ کانگریس جنرل سکریٹری سید عظمت اللہ حسینی سے اظہار تشکر کیا۔