گمبھی راؤ پیٹ۔ 22 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج صبح کی اولین ساعتوں 4:30 بجے گمبھی راؤ پیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع موضع صمدرالنگا پور میں پولیس کی جانب سے تلاشی مہم کی گئی۔ ڈی ایس پی سرسلہ ویملواڑہ کی قیادت میں پولیس ملازمین کی بھاری جمعیت نے گھر گھر تلاشی لے کر تقریباً 60 سے زائد ٹو وہیلر اور 3 آٹوز جو بغیر کاغذات کے تھے ، ضبط کرلیا۔ صبح کے اوقات میں پولیس کی جانب سے کی گئی اس تلاشی مہم کی وجہ سے موضع صمدرالنگا پور کی عوام میں ایک تشویش کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ بعدازاں ڈی ایس پی نے جمع شدہ موضع کے عوام سے خواہش کی کہ وہ ضروری کاغذات و دستاویز کے ساتھ گاڑیاں رکھیں۔ بغیر دستاویزات کی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا۔ انہوں نے لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے عوام سے تعاون کرنے کی اپیل کی۔