پارٹی تائید کے لئے ایڑی چوٹی کا زور، صدر ضلع کانگریس کی بہو کانگریس امیدوار
گمبھی راؤ پیٹ /21 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضمنی چناؤ کے تحت گمبھی راؤ پیٹ میں میجر گرام پنچایت کی سرپنچ نشست کیلئے کئی امیدوار دعویدار ہیں۔ جنرل طبقہ کی خاتون امیدوار کے لئے محفوظ اس نشست پر برسر اقتدار ٹی آر ایس اپنے تائیدی امیدوار کے ذریعہ اپنا قبضہ جمانے کی خاطر کسی مناسب و موزوں امیدوار کی تلاش میں ہے، جب کہ پارٹی سے وابستہ قائدین جن میں کملاکر ریڈی ایم پی ٹی سی، سی وینکٹ سوامی صدر ٹاؤن ٹی آر ایس، سریکانت ریڈی یوتھ لیڈر، محمد محبوب علی کوآپشن رکن منڈل پریشد، محمد عبد الوحید سابق ڈائرکٹر زرعی مارکٹ کمیٹی کے علاوہ سدھاکر شرما وغیرہ اپنی بیویوں کو امیدوار کی حیثیت سے پیش کرتے ہوئے پارٹی کی تائید حاصل کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، لیکن پارٹی کی اعلی قیادت ان تمام کو نظرانداز کرتے ہوئے زیڈ پی ٹی سی رکن ملوگاری پدما نرسا گوڑ کے ایک قریبی رشتہ دار کاررولہ انجلی زوجہ کاررولہ وینکٹ راجم کو پارٹی کی تائیدی امیدوار کی حیثیت سے پیش کرنا چاہتی ہے، جب کہ اپوزیشن جماعت کانگریس میں بھی کئی امیدوار پارٹی کی تائید کے لئے کوشاں ہیں، لیکن پارٹی نے ایک اجلاس کے دوران صدر ضلع کانگریس کریم نگر کٹکم مرتنجیم کی بہو کٹکم ساریتا زوجہ کٹکم سریدھر کی تائید کا اعلان کردیا ہے۔ بہرحال گمبھی راؤ پیٹ کا حقیقی سیاسی منظر انتخابی میدان سے امیدواروں کی دست برداری کے بعد ہی واضح ہوگا، جب کہ انتخابی میدان میں تقریباً 15 امیدوار کے کھڑے ہونے کی قوی امید ہے۔