عوامی منتخب نمائندوں سے ریاستی وزیر کے سکریٹری سرینواس کا خطاب
گمبھی راؤ پیٹ یکم / ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اندرون 15 یوم انفرادی بیت الخلاء کی تعمیر مکمل ہوجانی چاہئے تاکہ حلقہ اسمبلی سرسلہ کے تمام دیہاتوں میں قیام پذیر افراد کے مکانات میں بیت الخلاء جیسی سہولت باقی رہے ۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں منڈل پریشد آفس گمبھی راؤ پیٹ میں بیت الخلاؤںکی تعمیر سے متعلق عوامی شعور بیداری پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے پرسنل سکریٹری ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ، پنچایت راج ، مسٹر سرینواس نے کیا ۔ وہ منڈل کی سطح کے عوامی منتخب نمائندوں کے ایک اجلاس کو مخاطب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی ذمہ داری عوام بالخصوص منتخب ایم پی ٹی سی ارکان سرپنچوں پر عائد ہوتی ہے ۔ مسٹر سرینواس نے کہا کہ منڈل کی سطح پر تقریباً 15 ہزار بیت الخلاؤں کی تعمیر کا منصوبہ تھا ۔ اب تک 12 ہزار مکانات میں بیت الخلاء موجود ہیں لیکن 350 مکانات میں ابھی بھی بیت الخلاؤں کی ضرورت ہے ۔ جس کی عہدیداروں نے نشاندہی کی ہے۔ سرینواس نے کہا کہ اگر مکان مالک کے پاس تعمیر کیلئے سہولتیں فراہم نہ ہونے کی صورت میں ہی ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے ذریعہ بیت الخلاء تعمیر کئے جائیں گے ۔ سرینواس نے صدفیصد بیت الخلاء کی تعمیر کیلئے سیاسی قائدین اور عوامی منتخب نمائندوں کو آگے آنے کا مشورہ دیا تاکہ متعلقہ اسمبلی سرسلہ بیت الخلاؤں کی تعمیر میں سرفہرست ہو کیونکہ اس حلقہ سے چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کے فرزند تارک راما راؤ نمائندگی کرتے ہیں ۔ سرینواس نے کہا کہ تارک راما راؤ کی خصوصی دلچسپی کے تحت سرسلہ اسمبلی حلقہ میں کئی ترقیاتی کاموں کو روبہ عمل لایا جارہا ہے اور یہاں تمام بنیادی سہولیات کو حل کرنے کیلئے کروڑوں روپئے فنڈز منظور کئے جارہے ہیں ۔ اس پروگرام کو زیڈ پی ٹی سی ملوگاری پدما ، ایم پی پی گنگا سایوا ، پنچایت راج عہدیدار رمیش ، راکھولو ، شرت راؤ وغیرہ مخاطب کیا ۔