گمبھیر ایک بہترین کپتان : ریان

نئی دہلی ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے میڈل آرڈر بیٹسمین ریان ٹین ڈوشتے نے ٹیم کے کپتان گوتم گمبھیر کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ گمبھیر ایک بہترین کپتان ہے جس کی وجہ سے ٹیم میں رواں ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کو روشن کرلیا ہے۔ گمبھیر ایک پراعتماد کپتان ہیں جنہوں نے بحیثیت کھلاڑی حوصلے بلند کرنے میں میری کافی مدد کی ہے۔ ریان نے مزید کہا کہ کپتان کو مجھ پر اعتماد تھا جس کا مجھے بھی فائدہ ہوا۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے گذشتہ روز لاہور لائنس کو 3 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے 11 مقابلوں میں اپنے ناقابل تسخیر موقف کو برقرار رکھا ہے اور کولکتہ کی اس کامیابی میں گمبھیر نے 47 گیندوں میں 60 رنز اسکور کرتے ہوئے کلیدی رول ادا کیا ہے۔ ریان کے بموجب جنہوں نے چینائی سوپرکنگس کے خلاف افتتاحی مقابلے میں 51 رنز اسکور کئے ہیں، ٹیم کے خطاب جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ ان کا ماننا ہیکہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ کیلئے کولکتہ کی ٹیم متوازن ٹیم ہے حالانکہ اس ٹورنمنٹ میں مقابلے آسان نہیں اس کے باوجود ٹیم کے خطاب جیتنے کے امکانات روشن ہیں۔