گلین کے تعلق سے ترکی کے شدید جذبات کا اندازہ : جوبیڈن

انقرہ ۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر امریکہ جوبیڈن نے آج کہا کہ فتح اللہ گلین کی حوالگی کے تعلق سے ترکی میں پائے جانے والے شدید جذبات کا انہیں اندازہ ہے۔ گلین پر 15 جولائی کی ناکام فوجی بغاوت کے منصوبہ کا الزام ہے اور ترکی مسلسل امریکہ سے حوالگی کا مطالبہ کررہا ہے۔ جوبیڈن نے آج وزیراعظم ترکی بن علی یلدرم کے ساتھ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکی قانونی ماہرین ترکی کے پیش کردہ شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد گلین کی حوالگی کیلئے اسے امریکی عدالت میں پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کسی کے تحفظ کے معاملہ میں کوئی مفاد نہیں رکھتا اور وہ اپنے حلیف کو نقصان پہنچانا بھی نہیں چاہتا۔