تحریک انصاف ، مسلم لیگ نواز کا تمام اور پی پی پی کا 22 نشستوں پر مقابلہ
اسلام آباد 8 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان مسلم لیگ ( ن)اور پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) نے اپنے امیدواروں کو تقریبا تمام حلقوں سے میدان میں اُتارا ہے جبکہ پاکستان پیوپلز پارٹی ( پی پی پی )22 نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے ۔ پاکستانی کشمیر کے گلگت ۔ بالتستان میں 24 لیجسلیٹرس کے انتخاب کیلئے رائے دہی کا آغاز سخت سکیوریٹی کے درمیان ہوا ۔ دوسری طرف مجلس وحدت مسلمین (MWM)‘ آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) جمعیۃ علماء اسلام فضل ‘پاکستانی عوامی تحریک اور جماعت اسلامی اُن دیگر پارٹیوں میں شامل ہیں جو انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ ہندوستان نے ان انتخابات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل پاکستان کی جانب سے کشمیر پر قبضہ کو قانونی قرار دینے کی ایک کوشش کے سوائے کچھ نہیں جبکہ عوام سے ان کا سیاسی حق چھین لیا گیا ہے ۔ تقریباً چھ ملین رجسٹرڈ ووٹرس آج اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ دوسری طرف آٹھ ارکان ‘تین ٹکنو کریٹس اور پانچ خواتین کا انتخاب بالواسطہ طور پر کیا جائے گا ۔ جیو نیوز کے مطابق انتخابی میدان میں جملہ امیدواروں کی تعداد 46 بتائی گئی ہے ۔ الیکشن میں استعمال ہونے والا ساز و سامان فوج کی نگرانی میں انتخابات میں حصہ لینے سات اضلاع میں تیار کئے گئے پولنگ اسٹیشنوں کو پہنچایا گیا ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سیول ایڈمنسٹریشن نے پولنگ اسٹیشنوں کے قریب فوج کی تعیناتی کی حکومت سے درخواست کی ہے ۔ لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنے کیلئے فوجی افسران خصوصی مجسٹریل اختیارات تفویض کئے گئے ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ گلگت بالتستان لیجسلیٹو اسمبلی 2009 میں ایک صدارتی حکمنامہ کے ذریعہ تشکیل دی گئی تھی جس کے بعد منعقد کئے گئے انتخابات میں پی پی پی کو کامیابی حاصل ہوئی تھی اور اس نے اپنے پانچ سالہ میعاد کی تکمیل کی ۔ دوسری طرف 13 ڈسمبر 2014 کو بھی ایک 12 رکنی نگران کار کابینہ کے ساتھ عبوری حکومت کا قیام عمل میں آیا تا کہ ملک میں غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات منعقد کروائے جاسکیں ۔ فی الحال آزاد امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے ۔ جموں کشمیر کا گلگت ۔ بالتستان علاقہ جس پر پاکستان کا قبضہ ہے ۔ 85,733 مربع کیلو میٹر پر محیط ہے ۔