گلوبل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کا برطانوی ہائی کمشنر کے ہاتھوں افتتاح

ملک میں پہلا قلب کی پیوندکاری کا ادارہ ، ڈاکٹر کے رویندر ریڈی
حیدرآباد 18 سپٹمبر (سیاست نیوز) گلوبل ہاسپٹل قلب کے امراض کے متعلق خصوصی کیر سنٹر کا آغاز کیا ہے۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مسٹر اینڈریو میک الیسٹر نے گلوبل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح انجام دیا۔ اِس موقع پر ڈاکٹر کے رویندر ناتھ صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر گلوبل ہاسپٹلس گروپ، ڈاکٹر سائی سدھاکر سینئر کارڈیالوجسٹ کے علاوہ ڈاکٹر دھرما رکشک آیاپاٹی اور دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر کے رویندر ناتھ نے اِس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ گلوبل ہاسپٹلس گروپ کی جانب سے اعضائے رئیسہ کی پیوندکاری کے کئی کامیاب آپریشن انجام دیئے گئے ہیں لیکن گلوبل ہاسپٹل نے ملک میں پہلی مرتبہ قلب کی پیوندکاری کے لئے نئے ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کا آغاز کیا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ قلب کی پیوندکاری کے علاوہ پھیپھڑوں کی پیوندکاری کے کامیاب آپریشنس اِس نئے انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ ممکن بنائے جائیں گے۔ ڈاکٹر کے رویندر ناتھ نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں گلوبل ہاسپٹلس کی جانب سے جو خدمات فراہم کی جارہی ہیں وہ انتہائی عصری ہیں۔ علاوہ ازیں گلوبل ہاسپٹلس میں موجود ڈاکٹرس کی ٹیم عصری علوم سے آراستہ ہے اور گلوبل ہاسپٹلس ٹیکنالوجی کے اعتبار سے عصری اوزار جراحی سے لیس ہیں۔ ڈاکٹر کے رویندر ناتھ نے بتایا کہ قلب اور پھیپھڑوں کی پیوندکاری کے سلسلہ میں گلوبل ہاسپٹل نے جو اختراعی اقدام کیا ہے اُس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ ڈاکٹر سائی سدھاکر نے اِس موقع پر بتایا کہ گلوبل کارڈیاک کیر سنٹر میں ماہرین کی ٹیم ہمہ وقت موجود رہے گی جوکہ قلب پر حملے یا قلبی امراض سے متعلق کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مہارت رکھتی ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ گلوبل ہاسپٹل کے گلوبل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کی خدمات صرف دونوں شہروں تک محدود نہیں ہے بلکہ تلنگانہ کے دیگر اضلاع تک یہ خدمات پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ ڈاکٹر سدھاکر نے مزید بتایا کہ ملک میں جس رفتار سے قلبی امراض بڑھتے جارہے ہیں اُنھیں روکنے میں گلوبل ہاسپٹل اپنی جانب سے ممکنہ کوشش کرے گا۔ ڈاکٹر دھرما رکشک ڈائرکٹر گلوبل ہاسپٹل نے بھی اِس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران ہاسپٹل کی جانب سے شروع کردہ خدمات کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔