گلوبل انٹر پرینر شپ سمٹ کا کامیاب انعقاد ، اہم چیالنج کی بحسن و خوبی تکمیل

اندرون 25 یوم تیاریوں کا اعزاز ، کمشنر جی ایچ ایم سی بی جناردھن ریڈی سے انٹرویو
حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں سہ روزہ گلوبل انٹر پرینور سمٹ 2017کا کامیاب انعقاد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کیلئے ایک اہم چیلنج تھا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر بی جناردھن ریڈی نے ایچ آئی سی سی میں ’سیاست نیوز‘ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی اور جی ایچ ایم سی عملے کے تعاون سے 25 دن کی مختصر مدت میں کامیابی کے ساتھ عالمی سطح کی کانفرنس کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال بارش کا موسم 15 اکٹوبر تک جاری رہا جس کے نتیجہ میں کانفرنس کے سلسلہ میں تیاریوں کیلئے کوئی بھی کنٹراکٹر ذمہ داری قبول کرنے سے گریز کررہے تھے لیکن مختصر وقفہ میں جی ایچ ایم سی نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی تنگی کے باوجود بھی مناسب طور پر تمام تیاریوں کی تکمیل جی ایچ ایم سی کیلئے ایک اعزاز ہے۔ چوٹی کانفرنس سے متعلق تیاریوں پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے مسٹر جناردھن ریڈی نے کہا کہ اس کانفرنس کیلئے شہر کی تمام سڑکوں کی مرمت فی الفور انجام دی گئی اور وی وی آئی پیز و بین الاقوامی مندوبین کے راستوں کو سجایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد مہمان نوازی کیلئے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے اور اس شہر میں بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کی گئی تھی۔ مسٹر جناردھن ریڈی نے کہا کہ سڑکوں، درختوں اور دیگر سجاوٹی کاموں کیلئے فرانس سے خصوصی آرٹسٹوں کے علاوہ نرمل کرافٹس اور جے این ٹی یو کے طلباء کی بھی خدمات سے استفادہ کیا گیا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے کہا کہ حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سنٹر (ایچ آئی سی سی ) کے اطراف و اکناف علاقوں کے علاوہ پرانے شہر کے فلک نما اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں کو بھی خصوصی طور پر سجایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی بیحد خوشی ہے کہ اس چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے کئی بین الاقوامی مندوبین نے شہر کی سڑکوں اور اس کی سجاوٹ کی زبردست ستائش کی ہے۔ مسٹر جناردھن ریڈی نے کہا کہ حالانکہ ان تیاریوں کا بجٹ 43 کروڑ روپئے تھا لیکن کامیابی کے ساتھ انعقاد کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد کو 10 ہزار کروڑ سے زیادہ کی امیج میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کی جانب سے بھی جی ایچ ایم سی کے انتظامات کی ستائش کی گئی ہے۔