گلبرگہ کے دکانداروں ،فٹ پاتھ بیوپاریوں سے قمرالاسلام کی اپیل

گلبرگہ ۔ 24 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گلبرگہ ضلع کے نگران وزیر الحاج قمرالاسلام وزیر بلدی نظم و نسق پبلک انٹر پرائزس وقف و اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک نے کہا کہ اُنہوں نے مختلف محکمہ جات کے عہدیدران کا اجلاس طلب کرتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولت کیلئے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ نیز پولیس عہدیداران کو گلبرگہ شہر میں ہوٹلوں ، ٹیلروں اور کپڑوں کی دکانوں کو رات کے اوقات میں کھلا رکھنے کی اجازت دینے اور فٹ پاتھ بیوپاریوں کو غیر ضروری طور پر ہراساں نہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ الحاج قمرالاسلام نے کہا کہ دکانداروں اور چھوٹے بیوپاریوں سے بھی اُن کی اپیل ہے کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کا مکمل احترام کریں اور اس بات کا بھر پور خیال رکھیں کہ کسی دوسرے کو تکلیف نہ پہنچے۔ رمضان المبارک کے دوران کھل کر کاروبار ضرور کریں اس بات کو بھی ملحوظ رکھیں کہ ٹرافک میں رکائوٹ اور کسی قسم کی بد نظمی نہ ہو اور نظم و نسق متاثر نہ ہواور پولیس سے مکمل تعاون کریں۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید کہا کہ اُنہوں نے کمشنر سٹی کارپوریشن کو رمضان المبارک کے دوران صفائی کے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے ، تاہم روزہ داروں سے اُن کی گذارش ہے کہ وہ بھی صفائی کا بھر پور خیال رکھیں ۔ خصوصاً افطار کے بعد گندگی نہ پھیلائیں بلکہ سلیقہ مندی کا ثبوت دیں ۔