گلبرگہ کی ترقی کیلئے کسی تفریق کے بغیر خدمات کا عہد

خیرمقدمی جلسہ سے نومنتخب صدرنشین اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی محمد اصغر چلبل کاخطاب
گلبرگہ /3 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : کلبرگی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، کے صدر نشین کی حیثیت سے ممتاز کانگریسی قائد و سماجی خدمات گزار مسٹر محمد اصغر چلبل نے 2مارچ کو دفتر اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی پہنچ کر اپنے عہدہ کا جائزہ لیا ۔ وزیر میونسپل ایڈمنسٹریشن کرناٹک و ضلع انچارج وزیر گلبرگہ الحاج قمر الاسلام نے اس موقع پر مسٹر محمد اصغر چلبل کو مبارک دیتے ہوئے ،خیر مقدمی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی و عوامی خدمت کے میدان میں بھی کسی کی محنت رائگاںنہیں جاتی ۔ وقت آنے پر ہر ایک کو صد فیصد کامیابی مل سکتی ہے ۔ محمد اصغر چلبل کو بھی ان کو ان تھک محنت کا صلہ ملا۔ مذکورہ بالا عہدہ پر انکی نامزدگی کے معاملہ میں شخصی طور پر خود ان کے علاوہ علاقہ حیدر آباد کرناٹک کے ممتاز قائدین مسرز ملیکارجن کھرگے ،رکن پارلیمینٹ گلبرگہ ، سابق چیف منسٹر دھرم سنگھ، رکن قانون ساز کونسل الحاج اقبال احمدسرڈگی ، رکن قانون ساز کونسل مسٹر الم پربھو پاٹل ، اراکین اسمبلی ڈاکٹر اجئے سنگھ ، پریانک کھرگے ، ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر بھاگن گوڑا و ارکان ضلع کانگریس کمیٹی،مئیر گلبرگہ محترمہ عالیہ شیرین، و کارپوریٹرس تمام نے تائید کی ۔ اسی طرح چیف منسٹر سدرامیا اور صدر کانگریس جی پرمیشور نے بھی اصغر چلبل کے صدر نشین بنانے کی تائید کردی ْ۔انھوں نے کہا کہ 1992میں الحاج اقبال احمد سرڈگی گلبرگہ ڈیولوپمینٹ اتھارٹی کے صدر تھے ۔ ان کے بعدمحمد اصغرچلبل دوسرے مسلم لیڈر ہیںجنھوں نے یہ ذمہ داری سنبھالی ہے ۔ الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ ضلع گلبرگہ اقلیتوںکی تائید والا ضلع ہے ۔ الحاج قمر الاسلام نے کہا کہ شہر گلبرگہ کی ترقی اور اسے سدھارنے کے لئے یہاںایک اور رنگ روڈ تعمیرکرناضروری ہوگیا ہے۔ موجودہ رنگ روڈ تنگ ہوگئی ہے اور شہر کے اندر آگئی ہے۔ شہر گلبرگہ کا CTSکے تحت سروے کروانا ضروری ہے ۔ بیلگام کی طرح یہاں FCRکرنا ضروری ہے ۔ انھوں نے مسٹر چلبل کو مشورہ دیا کہ وہ شہر کی ترقی کے معاملہ میںکسی بھی قسم کی مفاہمت سے کام نہ لیں ۔ گلبرگہ ڈیولوپمینٹ اتھارٹی کے نئے صدر نشین مسٹر محمد اصغر چلبل نے اپنی تقریر میں الحاج قمر الاسلام کا خاص طور پر شکریہ اداکیا اور کہا کہ وہ بحیثیت صدر نشین گلبرگہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اپنے ارکان کے مشورہ سے کام کریں گے اور بلا امتیاز مذہب و ملت و بلا امتیاز سیاسی الحاق ہر ایک کے لئے خدمات انجام دیںگے۔ پریس کانفرنس سے قبل محمد اصغر چلبل کے اعزاز میںمنعقدہ خیر مقدمی جلسہ میں ان کی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموںکے نمائیندوں ، کانگریس قائدین اور دوست و احباب نے بکثرت گل پوشی کی ۔ اس موقع پرمسٹر محمد اصغر چلبل کے سرپرست اعلیٰ، ممتاز قومی قائد وزیر میونسپل ایڈمنسٹریشن کرناٹک الحاج قمر الاسلام کی بھی بکثرت گل پوشی کی گئی ۔ اس تقریب میں ،رکن قانون ساز کونسل الحاج اقبال احمد سرڈگی، رکن قانون ساز کونسل مسٹر الم پربھو پاٹل، صدر ضلع کانگریس مسٹر بھاگن گوڑا کے علاوہ مئیر سٹی کارپوریشن گلبرگہ محترمہ عالیہ شیرین، صدر نشین ضلع وقف مشاورتی کمیٹی مسٹر اسد علی انصاری ،کانگریسی قائد عادل سلیمان سیٹھ ،اور دیگر کئی ایک کانگریسی قائیدین ، کارکنان اور معزز شہریان نے شرکت کی ۔ مسٹر محمد اصغر چلبل نے بحیثیت صدر نشین کلبرگی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد 2مارچ کو ہی درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒپر حاضری دی ۔ سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی نے اس موقع پر مسٹر محمد اصغر چلبل کو ان کے صدر نشین کلبرگی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی حیثیت سے اپنی خدمات کا جائزہ لینے پر مبارک باد دی ۔