گلبرگہ 26مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دو دن قبل شہرگلبرگہ میں خان کالونی کا ساکن شخص 62سالہ احمد معصوم صاحب سوپر مارکیٹ گلبرگہ میںمحض 70روپیوں کی لالچ میں 2.60لاکھ روپیوں سے محروم ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب معصوم صاحب نے بینک سے تین لاکھ روپئے نکالے تھے اور ان میں سے 40ہزار روپئے کسی کو ادا کردئے تھے ۔مابقی 2.60لاکھ روپیوں کے بیاگ اور اسکوٹر کے ساتھ جب وہ سوپر مارکیٹ سے گزر رہے تھے تو اس وقت دو افراد نے ان سے کہا کہ بھائی صاحب آپ کی رقم گر گئی ہے۔ یہ سن کر معصوم صاحب اس جانب چل پڑے جہاں دس روپیوں کے سات نوٹ عمدا دھوکہ دینے کے لئے پھینک دئے گئے تھے ۔ معصوم صاحب نے وہ 70روپیئے اٹھا لئے لیکن اسی دوران مذکورہ بالا دو افراد ان کی اسکوٹر پر لٹکا ہوا بیگ نکال کر فرار ہوگئے ۔ اسی بیگ میں 2.60لاکھ روپئے رکھے ہوئے تھے ۔ اس طرح ستر روپیوں کی لالچ میں پڑ جانے کے بعدمعصوم صاحب 2.60لاکھ روپیوں سے محروم ہوکر کنگال ہوگئے ۔ چوک پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔