چار افراد شدید زخمی، حالت تشویشناک، مقدمہ درج
گلبرگہ ۔/5جولائی 🙁 سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کے محلہ اقبال کالونی میں کل رات ایک مکان کو آگ لگنے سے مکان میںموجود چار ساکنان 42سالہ سید اکبر، انکی اہلیہ 35سالہ شہناز بیگم، فرزند19سالہ سید یٰسین، اور دختر 17سالہ ثانیہ بیگم جل کر شدید زخمی ہوگئے ہیں اور بسویشور ہسپتال گلبرگہ میں ان زخمیوںکی حالت نہایت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ مکان کو یہ آگ اس وقت لگی جب یہ افراد دیر رات بعد محوخواب ہوگئے تھے۔سید اکبر نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بہن کے شوہرنے انھیں ہلاک کرنے کا منصوبہ بناتے ہوئے مکان پر تیل ڈال کر آگ لگادی ۔ سینئیر پولیس عہدہ داران کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی اصل معاملہ سامنے آئے گا۔ آر جی نگر کی پولیس سب انسپکٹراکا مہادیویاور اسٹاف نے متاثرہ مکان پر پہنچ کر تحقیقات کیں ۔ راگھویندر نگر پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں ۔ اسی دوران ضلع گلبرگہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر این ششی کمار نے متاثرہ مکان پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس لوکیش نے بسویشور ہسپتال پہنچ کر سید اکبر اور دیگر متاثرین کا معائنہ کیا ۔ کہا جارہا ہے کہ جس وقت مکان کو آگ لگی تھی اس وقت اسے مقفل کردیا گیا تھا۔ مالک مکان سید اکبر کا کہنا ہے کہ یہ ایک قتل کی سازش تھی ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے اس معاملہ میںکہا ہے کہ دونوں طرح سے معاملہ کی جانچ کی جائے گی۔