گلبرگہ میں مسلم ووٹ تقسیم ہونے کا اندیشہ

مسلمانوں کے انتشار پر سماجی کارکن حیدر علی باغبان کا اظہار تشویش
گلبرگہ۔26؍اپریل: (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرگرم سماجی و ملی کارکن حیدرعلی باغبان نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ حلقہ اسمبلی گلبرگہ شمال میں بہت زیادہ آپسی انتشار نظر آرہا ہے۔انہوں نے اپنے ایک اخباری بیا ن میں کہا ہے کہ مسلم امیدواروں کی تعداد ،ان کی انتخابی ریالیوں،سرگرمیوں،بیانات کو دیکھتے ہوئے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ مسلم ووٹ تقسیم ہوجائیں گے اور اس کا راست فائدہ فرقہ پرست و فاشسٹ قوتوں کو ہوگا۔اس بات کو لے کر عام مسلمانوں میں سخت بے چینی پائی جارہی ہے کہ گلبرگہ شمال جو ایک باوقار ملی نشست ہے پر کہیں فرقہ پرست و فاشسٹ پارٹی کا قبضہ نہ ہوجائے ۔اتر پردیش کے انتخابات اور وہاں مسلمانوں کے آپسی انتشار ،ووٹوں کی تقسیم کے نتیجہ میں مسلمانوں کو جو سیاسی ہزیمت اُٹھانی پڑی اس سے ہمیں سبق سیکھنے اور ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے۔گلبرگہ شمال کی ملی نشست کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ مسلم اُمیدوارا ن غور و فکرکریں اور اپنا محاسبہ خود کریں کہ کون کتنے ووٹ لے سکتا ہے۔کسی کی ہار کی وجہ بننے سے زیادہ بہتر ہوگا کہ ملت کے مفاد میں مقابلہ سے دستبردار ہوجائیں۔یقینا ملت اس ایثار و قربانی کی قدر کرے گی ورنہ آپسی انتشار سے گلبرگہ شمال کی ملی نشست باقی نہیں رہے گی تو ملت کبھی انتشار پسند اُمیدواروں کو معاف نہیں کرے گی۔اس سے پہلے کہ مقابلہ سے دستبرداری کی تاریخ گذر جائے ،گلبرگہ شمال میں سیکولرازم اور فاشزم کے مابین راست مقابلہ کو یقینی بنانے دیگر مسلم اُمیدواروں کو مستعفی ہوجانا چاہیئے،یہی اپنی ملی قیادت کو باقی رکھنے اور ملی اتحاد کو قائم رکھنے کا تقاضہ ہے۔