گلبرگہ19؍جون:(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گلبرگہ ضلع کے نگران وزیر الحاج قمرالاسلام صاحب وزیر بلدی نظم و نسق پبلک انٹر پرائزس وقف و اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک نے گلبرگہ شہر اورضلع میں رمضان المبارک کے دوران پولیس ، جیسکام، آبرسانی و دیگر محکمہ جات کے عہدیداران کو بہتر انتظامات کرنے کی سخت ہدایت دی ہے ۔ اُنہوں نے آج منی ودھان سودھا گلبرگہ کے آڈیٹوریم میں اعلیٰ عہدیداران کے اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا ، اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداران کے علاوہ امن کمیٹی گلبرگہ شہر کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی اور گلبرگہ شہر میں رمضان المبارک کے دوران سرکاری محکمہ جات کی جانب سے انجام دئیے جانے والے انتظامات کے سلسلے میں بعض اہم تجاویز پیش کیں ۔ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے الحاج قمرالاسلام نے صاحب نے بتایا کہ تمام محکمہ جات کے عہدیداران گلبرگہ شہر اور تعلقہ جاتی مستقروں پر پینے کے صاف و شفاف پانی کی باقاعدہ سربراہی کرنے روشنی اور صفائی کا معقول بندوبست کرنے نیز ٹرافک کو بہتر بنانے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ الحاج قمرالاسلام نے کہا کہ جیسکام عہدیداران نے بتایا ہے کہ برقی کٹوتی کا لزوم واپس لے لیا گیا ہے اس لئے رمضان المبارک کے دوران برقی مسدودی کامسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔ الحاج قمرالاسلام نے بتایا کہ اُنہوں نے جیسکام عہدیداران کو 2موبائل گاڑیاں رمضان المبارک کے دوران بطور خاص استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے ، یہ گاڑیاں برقی سربراہی میں خلل پیدا ہونے کی صورت میں فوری درستگی کے ذریعہ برقی سربراہی کو جلد سے جلد بحال کرنے کا کام انجام دیں گی ۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید بتایا کہ اُنہوں نے کمشنر سٹی کارپوریشن گلبرگہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران مساجد اور اہم مقامات پر صفائی کا خصوصی انتظام کرنے اور دن کے علاوہ رات کے اوقات میں بھی صفائی کاکرنے کانظم مقرر کیا جائے۔ شہر میں تمام اسٹریٹ لائٹس کی کارکردگی کو بہتر بنانے مساجد اور اہم چوراہوں ، بازاروں میں علیحدہ سے روشنی کا انتظام کرنے کی کمشنر سٹی کارپوریشن کو ہدایت دی ہے ۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں ٹرافک نظام کو بہتر بنانے اُنہوں نے ایس پی گلبرگہ امیت سنگھ کو خصوصی ہدایت دی ہے ۔رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں رات 12بجے تک اور دوسرے عشرہ میں رات2بجے تک اور آخری عشرہ میں تمام رات دکانیں ہوٹلیں کھلی رکھنے کی اجازت دینے محکمہ پولیس کو ہدایت دی ہے ۔ ا اُنہوں نے مسجد مارکیٹ سے جامع مسجد محبس تک اولڈ مارکیٹ روڈ کو ٹرافک فری زون قرار دینے کی ہدایت دی ہے ۔ رمضان المبارک کے دوران اس سڑک خریداروں کا زبردست اژدہام ہوا کرتا ہے ۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید بتایا کہ چوک پولیس اسٹیشن کی عمارت میں خصوصی پولیس آئوٹ پوسٹ قائم کیا جائیگا جو رمضان المبارک کے دوران مصروف ترین تجارتی علاقہ کرانہ بازار، کلاتھ بازار، اولڈ مارکیٹ اور سوپر مارکیٹ ٹرافک اور نظم و ضبط کو موثر بنائے رکھنے میں اہم رول ادا کریگا۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید بتایا کہ اُنہوں نے ایس پی کو اس بات کی خصوصی ہدایت دی ہے کہ وہ رمضان المبارک اور عیدکے بازار میں جیپ کتروں پر سختی نظر رکھنے اور اُن کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ الحاج قمرالاسلام نے مزید بتایا کہ محکمہ آبرسانی کے عہدیداران کو رمضان المبارک کے دوران رات کے وقت باقاعدگی کے ساتھ آبرسانی کرنے کی سخت تاکید کی ہے ۔عہدیداران کے اجلاس میں محکمہ آبرسانی کے عہدیداران نے بتایا کہ بعض محلوں کو چھوڑ کر شہر میں اطمینان بخش آبرسانی کی جارہی ہے ۔ اجلاس میں شریک امن کمیٹی کے بعض ذمہ داران نے جیسکام عہدیداران اور آبرسانی عہدیداران کے بیانات پر سخت اعتراض کرتے ہوئے ضلع نگران وزیر کی توجہہ مبذول کروائی کہ برقی کٹوتی شہر میں جاری ہے اور آبرسانی میں بے قاعدگی سے شہریان کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس مرحلہ پر ضلع نگران وزیر الحاج قمرالاسلام نے دونوں محکمہ جات کے عہدیداران سے کہا کہ وہ رمضان المبارک کے دوران اُن کی کارکردگی کے محکمہ جات سے متعلق کسی قسم کی عوامی شکایت سننا پسند نہیں کریں گے ۔ اجلاس اور اخباری کانفرنس میں محمد اصغر چلبل چیرمین جی ڈی اے، بھیم ریڈی پاٹل مئیر گلبرگہ، ملما یلپا نائیکوڈی ڈپٹی مئیر، ویپل بنسل ڈپٹی کمشنر گلبرگہ، امیت سنگھ ایس پی گلبرگہ، سری کانت کٹی منی کمشنر سٹی کارپوریشن گلبرگہ موجود تھے ۔