گلبرگہ میں شدید آتشزدگی ، 11 بسیں جل گئیں

سینکڑوں ٹائرس خاکستر ، کوئی جانی نقصان نہیں

گلبرگہ ۔یکم مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر گلبرگہ کے علاقہ اندرا نگر میں واقع این ای کے آر ٹی سی کے بس ڈپو نمبر 2میں 28فبروری کو 11بجے دن سینکڑوں پرانے بس ٹائیروں اور 11ناکارہ بسوں میں آگ لگ گئی ۔ اس شدید آتشزدگی میں جو شام میں چار تا پانچ بجے تک جاری رہی خوش نصیبی سے کسی قسم کی ہلاکت ہوئی اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا۔آگ لگنے سے جو دھواںاٹھ رہا تھا وہ شہر میںکافی دور دور سے نظر آرہا تھا۔ اسٹیشن بازار پولیس اسٹیشن کے عملہ کے بیان کے بموجب پہلے پرانے ٹائیرس کو آگ لگ گئی اور اسی آگ نے 11پرانی ناکارہ بسوں کو بھی اپنی لپیٹ میںلے لیا۔ آگ بجھانے کے لئے چار فائیر ٹینڈرس استعمال کئے گئے جنھوں نے چار گھنٹوں میں اس آگ پر قابو پانے میںکامیابی حاصل کی ۔ ااین ای کے ایس آر ٹی سی کے عملہ نے اس موقع پر بسوں کے ٹائیروں کو مزید آگ سے بچانے کے لئے دوسرے مقامات پر منتقل کردیا ۔ اس آتشزنی کے سبب 20لاکھ روپیوں کی مالیت کے ساز و سامان کے نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ کل جس وقت بس ڈپو میںآگ لگی ہوئی تھی قریب کے مکانات میں رہنے والے ساکنان میں دھواں اور آگ کے شعلوں کو دیکھ کر زبردست دہشت پھیل گئی تھی ۔ زبردست حرارت کے پیش نظر گھروں میں رکھے ہوئے گیس سیلنڈروں کے دھماکوں سے اڑ جانے کے خطرہ کے پیش نظر انھیں دوسرے مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا ۔ ضلع انچارج وزیر گلبرگہ ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس این ششی کمار اور الیاس احمد باغبان صدر نشین این ای کے آر ٹی سی نے آگ بجھانے کی کاروائی مکمل ہونے تک اسی مقام پر موجود تھے ۔