گلبرگہ میں تربیتی کیمپ سے ریاستی وزیر روشن بیگ کا خطاب

حج ، مسلمانوں کی اُخوت و اتحاد کا مظہر
گلبرگہ ۔12 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دنیا کے مختلف ممالک کے مسلمان بھائی ہر سال حج کے سفر پر جاتے ہیں حج اسلام کا اہم رکن ہونے کے علاوہ مسلمانوں میں عالمی اخوت اور محبت کا بھی مظہر ہے اس مقدس سفر میں کوئی منفی جذبہ نہیں ہوتا ۔ وزیر انفراسٹرکچر وحج کرناٹک جناب آر روشن بیگ نے اس خیال کا اظہار کیا وہ این زیڈ فنکشن ہال میں حج تربیتی کیمپ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انھوں نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ ریاست اور ملک میں برقراری امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کے ساتھ ساتھ ناقص تغذیہ میں کمی کی دعا کریں ۔ انھوں نے کہا کہ سفر حج کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے تئیں چوکسی اور حفاظتی اقدامات کے لئے حج ٹریننگ ضروری ہے اس لئے ہر سال یہ ٹریننگ گلبرگہ ، بلاری ، ہبلی ،اور بنگلور میں منعقد کی جاتی ہے ۔ روشن بیگ نے کہا کہ اس سال مدینہ منورہ میں کرناٹک کے تما م عازمین حج کے لئے صبح دوپہر اوررات میں یعنی تین مرتبہ کھانے کا انتظام حکومت کرناٹک کی جانب سے کیا جائے گا اگلے برسوں میں یہ انتظام مکہ مکرمہ میں بھی کیا جاسکے گا ۔ انھوں نے عازمیں حج سے اپیل کی کہ وہ مختلف امراض خصوصا ًیبولا جیسے مہلک مرض کے بارے میں چوکس رہیں اور مکمل احتیاط برتیں ۔ روشن بیگ نے بتایا کہ ہندوستا نی عازمین حج ملک کے مختلف (21 )مقامات سے سعوی عرب ذریعہ طیارہ روانہ ہوتے ہیں گلبرگہ بیدر ۔ اور یادگیر کے عازمین حج کے لئے راست حج پروازوں کا انتظام کرنے کیلئے اگلے دنوں میں گلبرگہ ائیر پورٹ کی تعمیر کو تیز ی سے مکمل کرنے کے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ تعمیر کا تنازعہ عدالت میں زیر دوران ہے اس کے فیصلے کے بعد ایر پورٹ کی تعمیر تیز ی سے شروع کی جائے گی ۔ الحاج روشن بیگ کے پی اے سید اعجاز احمد اور ڈاکٹر ریاض احمد اور دیگر نے عازمین حج کو مناسک حج کی تربیت دی ۔نظامت جناب گیسو دراز نے بحسن و خوبی انجام دی سید مظہر حسین نے ملیکار جن کھر گے کی گلپوشی کی سید مظہر حسین صاحب نے روشن بیگ صاحب کی گلپوشی کی سید ذاکر حسین صاحب نے اقبال احمد سرڈگی کی گلپوشی کی اس موقع پر جناب مولانا لطف اللہ صاحب کی سی ڈی کی رونمائی جناب ملیکار جن کھر گے اور روشن بیگ صاحب نے فرمائی ۔جناب محمد زین الدین صاحب نے بھی جناب روشن بیگ صاحب کی گلپوشی کی سید مظہر حسین صاحب نے شری سوم شیکھر چیر مین ڈی سی سی بنک کی گلپوشی کی۔