گلبرگہ میں بلدی مسائل کی ہر ممکنہ یکسوئی

صفائی انتظامات پر خصوصی توجہ، میئر عالیہ شیرین کا تیقن

گلبرگہ10؍اپریل( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گلبرگہ کی نو منتخب مئیر محترمہ عالیہ شیرین اسماعیل پلم نے کہا ہے کہ وہ اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے فوری بعد شہر میں صفائی کے اقدامات پر خصوصی توجہ دیں گی ۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ گلبرگہ شہر میں صفائی کے انتظامات ناقص ہونے کی شکایت عام ہے اور اس شکایت کو لیکر عوام میں ناراضگی کا پایا جانا حق بجانب ہے ، تاہم وہ کوشش کریں گی کہ صفائی عملہ میں اضافہ کیاجاکر اور گلبرگہ سٹی کارپوریشن کے موجودہ وسائل کو منظم طریقہ سے استعمال کرتے ہوئے شہر میں صفائی کے نظم کو بہتر بنایا جاسکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ گلبرگہ ضلع کے نگران وزیر الحاج قمرالاسلام وزیر بلدی نظم و نسق پبلک انٹرپرائزس وقف و اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک اور تمام کارپوریٹرس کے تعاون سے بلدی مسائل کی یکسوئی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن جدوجہد کریں گی۔ خصوصاً پینے کے صاف و شفاف پانی کی سربراہی ،ڈرینج نظام میں بہتری ،تاریخی محبوب گلشن کے بشمول شہر کے پبلک گارڈنس کی درستگی اور اُنہیں ترقی دینے کے اقدامات کو ترجیح دیں گی۔ مئیر محترمہ عالیہ شیرین نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ایس سی ایس ٹی کی طرز پر اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختص7.25%فنڈ کو مسلمانوں کی معاشی حالت میں سدھار لانے کے لئے استعمال کرنے پر توجہ دیں گی ۔ جبکہ اس فنڈ سے فی الحال صرف اقلیتی طلبہ و طالبات کو تعلیمی وظائف دئیے جارہے ہیں ۔ محترمہ عالیہ شرین نے کہا کہ وہ خواتین کے لئے بھی ایک خصوصی پروگرام روبہ عمل لانے کا منصوبہ رکھتی ہیں ۔ نیز وہ کوئی ایک یادگار پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کا بھی عزم رکھتی ہیں تاکہ اُنہیں ہمیشہ یاد رکھا جاسکے۔ محترمہ عالیہ شیرین نے بتایا کہ سیاست کا اُنہیں کوئی خاص تجربہ نہیں ہے وہ اپنے شوہر اسماعیل پلم اور افراد خاندان کی سرپرستی و حوصلہ افزائی کے سبب خالص خدمت کے جذبہ سے سیاست میں آئی ہیں ۔ یہ اللہ کا خاص فضل و کرم ہے کہ وہ سیاست میں داخل ہونے کے ساتھ ہی کارپوریٹر منتخب ہوئیں اور اب اُنہیں مئیر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ، اُنہوں نے مئیر منتخب ہونے کے لئے بطور خاص گلبرگہ ضلع کے نگران وزیر الحاج قمرالاسلام کے قائدین رول کے لئے اُن سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ اُنہوں نے محمد اصغر چلبل پارٹی ترجمان ضلع کانگریس کمیٹی گلبرگہ اور دیگر تمام کارپوریٹرس کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اُن کے مئیر منتخب ہونے میں تعاون دیا ۔ محترمہ عالیہ شیرین نے جمعیت القریش گلبرگہ کے تمام ذمہ داران سے بھی اظہار تشکر کیا ہے۔