گلبرگہ میںریلوے پٹریوںکو دھماکہ سے اڑانے کی کوشش ناکام

گیانگ مین کی حاضر دماغی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا

گلبرگہ 11 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انسپکٹر جنرل آف پولیس نارتھ ایسٹرن رینج مسٹر سریش کے محمد نے ایک صحافتی بیان میں کہا ہے کہ ضلع گلبرگہ میںہفتہ کے دن دو مقامات پر ریلوے پٹریوںکو دھماکہ سے اڑانے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملکھیڑ ٹائون تعلقہ وسیڑم میں ہفتہ کے دن چند مقامی افراد نے دیکھاکہ چار نامعلوم افراد ریلوے کی پٹریوں پر کچھ رکھ رہے ہیں۔ انھیں جب شبہہ ہواتو اس کی جانچ کے لئے وہ وہاں پہنچے اور دیکھا کہ پٹریوں پر دھماکو اشیاء رکھی ہوئی ہیں۔ گائوں کے لوگوںنے یہ دھماکو اشیاء پٹریوں پر سے ہٹا دیں اور پولیس کو مطلع کردیا۔ پولیس نے جب علاقہ میں پٹریوںکی جانچ کی تو دو مقامات پر پٹریوں پر دھماکو اشیاء پائی گئیں۔ تاہم یہ دھماکو مادے فیوز وائیرس سے جڑے ہوئے نہیں تھے۔ آئی جی پی نے بتایا کہ دونوں مقامات سے پولیس نے دھماکو اشیاء ہٹا لی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ عام طور پر جو دھماکو مادے کان کنی میں استعمال کئے جاتے ہیں انھیں ہی پٹریوں کو اڑانے کے لئے رکھا گیا گیا تھا۔

انھوں نے کہاکہ اشرار عوام سے دریافت کررہے تھے کہ حیدر آباد سے ٹرین کب آتی ہے۔ آئی جی پی سریش محمدنے بتایا کہ بنگلور سے ماہرین کی ایک ٹیم اتوارکو گلبرگہ پہنچنے والی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مشتبہ افراد نے دو مقامات پر دھماکو اشیا رکھی تھیں لیکن گیانگ مین۔ تلجا رام کی حاضر دماغی کے سبب اور عوام کیجانب سے پولیس کو فوری اطلاع دینے کے سبب ٹرین کو دھماکہ سے اڑا دینے کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ جب آئی جی پی سے دریافت کیاگیا کہ کیا گیانگ مین کو انعام سے نوازا جائیگا تو انھوںنے کہا کہ یہ معاملہ ریلوے والوں کا ہے ریلوے کا محکمہ ہی فیصلہ کرسکتا ہے۔ آئی جی پی نے گیانگ مین تلجا رام کی حاضردماغی اور بروقت اقدام کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ جو مشتبہ افراد عوام سے یہ دریافت کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ حیدرآباد سے آنے والی ٹرین اس مقام تک کب آئیگی، وہ مراٹھی اور تیلگو زبانوںمیں با ت چیت کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس کی تحقیقاتی ٹیمس مختلف مقامات کو تحقیقات کے لئے روانہ کردی گئی ہیں۔یہ پہلی بارہے کہ ضلع گلبرگہ میں ریلوے ٹریکس پر دھماکو اشیاء رکھی گئی ہیں ۔ قبل ازیںآئی جی پی سریش محمداور گلبرگہ کے سپرینٹیندینٹ آف پولیس امیت سنگھ مذکورہ بالا مقامات جہاں ریلوے پٹریوں پر دھماکو اشیاء رکھی گئی تھیں، انکا معائنہ کیا ۔