گلبرگہ :/16 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کرناٹک رکشنا ویدیکے کے کارکنان نے گلبرگہ شہر میں تشفی بخش حد تک بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سٹی کارپوریشن گلبرگہ کے دفتر کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے شہر کی خستہ حال سڑکوں کی فوری درستی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان سڑکوںکی درستی کے کام نہایت سست رفتار سے چل رہے ہیں جس کے سبب لوگوں کا چلنا پھرنا مشکل ہوگیا ہے اور موٹر گاڑیوںکی آمد ورفت کے لئے دشواریاں پیدا ہوگئی ہیں ۔مطالبات میں کہا گیا ہے کہ شہر گلبرگہ کے صرف چند وارڈس میں ہی چوبیسوں گھنٹے پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔اس طرح کی سہولت دوسرے وارڈس کو بھی جلد از جلد ملنی چاہئے۔ تیزی پھیلتے ہوئے شہر کے ہر محلہ میں عوامی بیت الخلا اور طہارت خانے تعمیر کرنے کی ضرورت بھی شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔ سوپر مارکیٹ، کپڑا بازار، کرانہ بازار،اور اطراف کے علاقوں میں ہر جگہ موٹر سائیکلوںکی پارکنگ پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان موٹر سائیکلوں کی مفت پارکنگ کا انتظام کیا جانا چاہئے۔