گلبرگہ اور بیدر کے گنے کے کاشت کاروںکی جانب سے

مہاراشٹرا کے کارخانوںکوگنا فروخت کرنے کی دھمکی
گلبرگہ 31اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اضلاع گلبرگہ و بیدر کے گنے کے کاشت کاروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر گلبرگہ اور یادگیر اضلاع کے شکر کارخانے ان کے بقایہ جات فوری طور پر ادا نہیںکرتے ہیں تو اس صورت میں وہ اہنے گنے کی پیداوار مہاراشٹرا کے شکر کارخانوںکو فروخت کردیں گے ۔ یہ بیان گنا کاشت کاروںکی اسو سی ایشن کے صدر جگدیش پاٹل راجہ پور نے چہارشنبہ کے دن ایک صحافتی کانفرینس کے دوران جاری کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہیکہ الند اور افضل پور تعلقہ جات ضلع گلبرگہ میں جو شکر کے کارخانے ہیں ان پر گنا کاشت کاروں کے کروڑوں روپئے واجب الادا ہیں ۔ اس کے علاوہ یہ کارخانے منفعت بخش یا مناسب گنجائش والی قیمت بھی ادا نہیں کرتے ۔ ان کے برخلاف بیلگام ، منڈیا اور دیگر اضلاع کے شکر کارخانے گنا کاشت کاروںکو منفعت بخش قیمتیں ادا کرتے ہیں ۔ مسٹر پاٹل نے کہا کہ مہاراشٹر شکر کارخانے کے مالکان نے گلبرگہ اور یادگیر اضلاع کے گنے کے کاشت کاروں سے بات چیت کی ہے اور انھوں نے تیقن دیا ہے کہ وہ ان کے گنے کی پیداوار کی مناسب ترین قیمتیں ادا کریں گے اور رقم کی ادائیگی اندرون پندرہ یوم کردی جائیگی۔ مسٹر پاٹل نے گلبرگہ اور یادگیر کے ڈپٹی کمشنرس سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پراس معاملہ میںمداخلت کرتے ہوئے اپنے اضلاع کے شکر کار خانوں کے ذمہ داران پر دبائو ڈالیں کہ وہ گنے کے کاشت کاروں کے بقایہ جات فوری طور پر ادا کردیں ۔ اس مقصد کے لئے وہ ان شکر کارخانوں کے مالکان و ذمہ داران کا اجلاس طلب کریں اور گنا کاشت کاروں کے مسائل و مطالبات ان کے سامنے رکھیں ۔ اگر یہ شکر کارخانے گنا کاشت کاروں کے بقایہ جات ادا کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو اس صورت میں ان ااضلاع کے گنا کاشت کار اپنی پیداوار مہاراشٹرا کے کارخانوںکو فروخت کرنے کے لئے مجبور ہوجائیں گے۔ گنا کاشت کاروںکی اسو سی ایشن کے ضلعی سیکریٹری دھر راج ساہو بھی صحافتی کانفرنس میں شریک تھے۔