گلبرگہ اور بیدر کے دیرینہ مسائل کی تکمیل

بیدر۔ 25 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی وزیر ریلوے ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ ان کے وزارت ریلویز کا قلمدان سنبھالنے کے بعد سے علاقہ حیدرآباد کرناٹک بالخصوص گلبرگہ اور بیدر سے وابستہ دیرینہ حل طلب مسائل کی تکمیل کرلی گئی ہے۔ اس سال ریلوے بجٹ میں بیدر۔ گلبرگہ ریلوے لائن کے لئے 97 کروڑ روپئے فراہم کئے گئے ہیں اور پھر اتنی ہی رقم ریاستی حکومت بھی فراہم کرے گی۔ اس سے قبل مذکورہ ریلوے لائن کے لئے 30 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے۔ انہوںنے بتایا کہ بیدر۔ گلبرگہ ریلوے لائن کے کاموں میں تیزی لانے عہدیداران متعلقہ کو ہدایت دی گئی ہے۔ مسٹر کھرگے ضلع بیدر کے تعلقہ میں واقع خانہ پور ریلوے اسٹیشن پر 10 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر شدنی پٹ لائن کے کاموں کا افتتاح کرنے کے بعد یہاں منعقدہ اجلاس کو مخاطب کررہے تھے۔ ملکارجن کھرگے نے بتایا کہ ملک کے تین مقامات پر ڈیویژنل آفس قائم کیا جارہا ہے۔ آسام کے سیلجا، جموں و کشمیر کے اودھم پور اور گلبرگہ میں بھی علیحدہ ریلوے ڈیویژن آفس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کھرگے نے مزید بتایا کہ 9 ماہ کی مدت کے دوران انہوں نے ملک کے مفاد کا تحفظ کرتے ہوئے علاقہ حیدرآباد کرناٹک اور ریاست کرناٹک کیلئے جو کچھ ہوسکتا تھا، کیا ہے۔ بیدر۔ بنگلور ٹرین کے اوقات تبدیل کرنے چار سال تک مسلسل کوشش کی گئی لیکن کچھ نہیں ہوا، وزیر ریلوے نے بتایا کہ وزارت ریلویز کا قلمدان سنبھالنے کے بعد انہوں نے بیدر۔ بنگلور نئی ٹرین کا آغاز کیا جو کامیابی کے ساتھ چلائی جارہی ہے۔ جناب این دھرم سنگھ رکن پارلیمنٹ نے صدارت کی۔ مسرس ایشور کھنڈ رکن اسمبلی بھالکی، راج شیکھر پاٹل رکن اسمبلی ہمناباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ابتداء میں جنرل مینیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے پی ٹی سریواستو نے خیرمقدم کیا اور چیف ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ایچ کے شرما نے شکریہ ادا کیا۔