گزشتہ پانچ سال میں انتخابی مصارف 1.5 لاکھ کروڑ روپئے

نئی دہلی ۔ 23 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ جاری لوک سبھا انتخابات اپنے چھٹویں مرحلہ میں داخل ہورہے ہیں، وہیں ایک نئی اسٹڈی کے ذریعہ یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران جتنے بھی انتخابات منعقد کئے گئے ان میں مجموعی طور پر 1,50,000 کروڑ روپئے کے مصارف ہوئے ہیں اور اس میں سے نصف رقم ’’غیر محسوب‘‘ ہے جن کے کوئی گوشوارے موجود نہیںہیں۔ تھنک ٹینک سی ایم ایس نامی ادارے کی جانب سے یہ انکشاف ایک ایسے وقت کیا گیا ہے کہ جب انتخابی مہم کے دوران ہر سیاسی پارٹی ایک دوسرے پر یہ الزام لگارہی ہے کہ فلاں فلاں پارٹی یا امیدوار مصارف کیلئے ’’کالے دھن‘‘ کا استعمال کر رہا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کا آغاز 7 اپریل کو ہوا جس کا سلسلہ 12 مئی تک جاری رہے گا ۔ اب تک 232 لوک سبھا نشستوں کیلئے رائے دہی ہوچکی ہے جبکہ مابقی چار مراحل میں 311 حلقوں میں رائے دہی ہوگی۔