دوحہ ۔14جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مملکت قطر میں گزشتہ سال منشیات کی اسمگلنگ کی کم از کم 317 کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا۔ یہ بات کسٹمس کے ایک سینئر عہدہ دار نے بتائی۔ دی پیننسولا میں شائع خصوصی رپورٹ میں کسٹم جنرل اتھاریٹی کے نائب سربراہ احمد عیسیٰ المہندی نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کو قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے تعاون و اشتراک سے ناکام بنایا گیا۔ انہوںنے بتایا کہ ہر روز منشیات کی اسمگلنگ کی کم از کم ایک کوشش ناکام بنائی گئی۔ المہندی کے مطابق کسٹم جنرل اتھاریٹی اور انسداد منشیات اسمگلنگ ڈائرکٹوریٹ کے درمیان قریبی تعاون و اشتراک پایا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں ایسی کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔ اسی دوران وزیر لیبر و امور سماجی عزت مآب ڈاکٹر عبداللہ صالح مبارک الخلیفی نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف منائے جانے والے عالمی دن کے پیش نظر ایک خصوصی نمائش کا افتتاح انجام دیا۔ واضح رہے کہ یہ عالمی یوم 26 جون کو منایا جاتا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پبلک سیکوریٹی، میجر جنرل سعید بن جاسم الخلیفی نے وزیر لیبر کے ساتھ نمائش کا افتتاح انجام دیا۔ اس ایکسپو کا مقصد عوام میں منشیات کے استعمال کے خلاف شعور بیدار کرنا ہے۔ المہندی کے مطابق تمام کسٹم چیک پوائنٹس کو انتہائی عصری آلات سے لیس کیا گیا ہے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا جاسکے۔