نئی دہلی ۔ /22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے سخت کارروائی کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ پر جھارکھنڈ اور بہار میں انتخابی مہم میں حصہ لینے پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ انہوں نے متنازعہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ نریندر مودی کو ووٹ نہ دیں انہیں پاکستان چلے جانا چاہئیے ۔ کمیشن نے انہیں علحدہ نوٹس وجہ نمائی بھی جاری کی ہے ۔ چیف سکریٹری جھارکھنڈ اور بہار کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا کہ دونوں ریاستوں میں ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو چاہئیے کہ وہ گری راج سنگھ کو عوامی اجتماع ، جلوس ،ریالی اور روڈ شو کی اجازت نہ دیں ۔ کمیشن نے دونوں ریاستی حکومتوں سے کہا کہ اس معاملے میں دائر کردہ ایف آئی ایف کی جلد تحقیقات کرتے ہوئے قطعی نتیجہ پر پہونچا جائے۔