بوکارو 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت نے بہار کے سابق وزیر و بی جے پی قائد گری راج سنگھ کی اشتعال انگیز تقریر پر جو اُنھوں نے ایک انتخابی جلسہ میں کی تھی، اُن کے گرفتاری وارنٹ جاری کردیئے۔ سب ڈیویژنل جوڈیشینل مجسٹریٹ امیت شیکھر نے گری راج سنگھ کے مبینہ تبصرہ پر کہ نریندر مودی کو ووٹ نہ دینے والے افراد کو صرف پاکستان میں ہی جگہ مل سکے گی۔ اُن کا گرفتاری وارنٹ جاری کردیا۔ گری راج سنگھ کو قانون تعزیرات ہند کی دفعات 153A (دو طبقات کے درمیان دشمنی پیدا کرنا) ، 295A (رسواء کن انداز میں کسی بھی فرقہ کے مذہب اور عقائد کی توہین)اور 298 (کسی شخص کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے مقصد سے کوئی شئے اُس کی حد بصارت میں رکھنا یا اشارہ کرنا) کی بناء پر مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ گری راج سنگھ کو ایک اور ایف آئی آر کا بھی سامنا ہے جو ضلع دیوگڑھ پولیس میں بھی انھیں الزامات کے تحت درج کروائی گئی ہے۔