گری راج سنگھ کا ریمارک نہایت اشتعال انگیز : ای سی

نئی دہلی ۔30اپریل( سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے آج بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ کی سرزنش کی اور جھارکھنڈ و بہار میں انتخابی مہم کے دوران کئے گئے ان کے ریمارک ’’نریندر مودی کی تائید کرو یا پاکستان چلے جاؤ‘‘ کو ’’نہایت اشتعال انگیز‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ ای سی نے انہیں قبل ازیں جاری کردہ اپنی نوٹس پر ان کے جواب پر غور کرنے کے بعد ان کی سرزنش کی۔ کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران ان کی دیوگھر اور بوکارو میں کی گئی تقاریر کی ویڈیو ریکارڈنگ کا بھی جائزہ لیا اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ یہ تقاریر ’’انتہائی اشتعال انگیز‘‘ رہیں۔

اچھے نتائج راہیں کھولتے ہیں
خراب نتائج سے مایوسی : مودی
حاجی پور (بہار) ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے آج امتحانات اور لوک سبھا انتخابات کے درمیان مماثلت ظاہر کی۔ ’’آپ بارہویں کے امتحان کی تیاری بڑی دلجمعی کے ساتھ کرتے ہیں… اچھا نتیجہ شاندار کیریئر کا دروازہ کھول دیتا ہے اور خراب نتیجہ مایوسی لاتا ہے‘‘ انہوں نے ان الفاظ کے ساتھ طلباء کو انتخابات کے بارے میں سمجھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ 18 اور 28 سال کے درمیان کی مدت آپ کی زندگی کا سنہری دور ہوتا ہے جب آپ نوکری حاصل کرتے ہیں اور باوقار زندگی گزارنے کی جدوجہد میں جٹ جاتے ہیں۔