گری راج، نتیش کمار کے آبائی ٹاؤن بختیار پور کے نام کی تبدیلی کے خواہاں

مرکزی وزیر کی خواہش پر حلیف اور اپوزیشن جماعتوں کی ناراضگی

پٹنہ 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر قائد گیری راج سنگھ نے آج بہار کے ٹاؤن بختیار پور کا نام تبدیل کرکے دوسرا نام رکھنے کا مطالبہ کیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس ٹاؤن کے نام کو افغان ملٹری جنرل بختیار خلجی کے نام سے موسوم کیا گیا جس نے کہا جاتا ہے کہ نو صدیوں پہلے اس علاقہ پر حملہ کیا تھا اور فتح کیا تھا۔ پٹنہ کے مضافات میں واقع بختیار پور وہ مقام ہے جہاں چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا جنم ہوا اور ان کا بچپن اس ٹاؤن میں گذرا۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس ٹاؤن کو بختیار خلجی کے نام سے موسوم کیا گیا ہے جس نے کہا جاتا ہے کہ اس وقت کے دہلی کے سلطان قطب الدین ایبک کی ہدایت پر بہار پر حملہ کیا تھا۔ مسٹر سنگھ کی اس بات پر چیف منسٹر نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی (یو)، جس کی ریاست میں اقتدار پر بی جے پی کے ساتھ ساجھیداری ہے، کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں جیسے آر جے ڈی اور ہندوستانی عوام مورچہ نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ مرکزی وزیر نے ان کے حلقہ لوک سبھا نواڈا میں اکبر پور کا نام بھی تبدیل کرنے کی خواہش کی اور کہاکہ یہ نام مغل شہنشاہ اکبر کے نام سے رکھا گیا ہے۔ تاہم انھوں نے ان دو مقامات کے لئے کوئی متبادل نام پیش نہیں کئے۔ مسٹر سنگھ نے یہاں اخباری نمائندوں سے کہاکہ ’’میں الہ آباد کا نام تبدیل کرکے پریاگ راج رکھنے پر یوگی آدتیہ ناتھ کی ستائش کرتا ہوں۔ اگر آپ کمزور پڑگئے تو کوئی آپ کے مکان پر قبضہ کرلے تو پھر جب آپ طاقتور بن جائیں تو پھر اس کا دعویٰ نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ’’ملک بھر میں اس طرح کے سینکڑوں مقامات ہیں جن کے نام تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ بختیار پور اس کی ایک مثال ہے‘‘۔