گریگ چیاپل عالمی ٹیم چلانے کے ہنر سے عدم واقف : لکشمن

نئی دہلی۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق ہندوستانی گیند باز وی وی ایس لکشمن نے اپنی حالیہ رقم کی گئی خود نوشت سوانح حیات جو "281 And Beyond” کے نام سے تحریر کی ہے، اس میں ذکر کیا کہ سابق ہندوستانی کوچ گریک چیاپل بہت ہی سخت طبیعت اور غیرلچکدار رویہ کے مالک ہیں اور وہ ایک عالمی ٹیم کو چلانے کے گر سے عدم واقف ہیں۔ سابق آسٹریلین کوچ چیاپل کی موجودگی میں انڈین ٹیم دو تا تین گروہوں میں بٹی ہوئی تھی اور ان میں شخصی طور پر صلاحیت کا فقدان پایا جاتا تھا اور لکشمن نے کہا کہ ان کی موجودگی میں ٹیم منقسم ہوگئی تھی۔ وہ صرف انہی کھلاڑیوں پر توجہ دیتے تھے، جن کو چاہتے تھے اور دوسروں کو اپنے بل بوتے پر ہی کھڑا ہونے کیلئے چھوڑ دیتے تھے۔ لکشمن نے اپنی تصنیف جس کے ساتھی مصنف کرکٹ قلمکار آر کوشک بھی ہیں، تذکرہ کیا ہے کہ وہ گریگ چیاپل اس غلط فہمی کا شکار رہے تھے کہ صرف کھلاڑی ہی کھیل کا حصہ ہیں اور وہی ٹیم کے اسٹار ہیں۔ گریگ چیاپل انڈین ٹیم کے مئی 2005ء تا اپریل 2007ء تک ایک متنازعہ ٹیم کوچ رہے ہیں۔ 44 سالہ سابق اسٹار گیند باز نے اپنی سوانح حیات میں کئی موضوعات کا احاطہ کیا ہے۔ ان کے بچپن کے واقعات سے لے کر عالمی کھیلوں میں ان کی نمائندگی آئی پی ایل اور بحیثیت کامنٹیٹر، ڈریسنگ روم کے واقعات اور ان کے ٹیچر کوچ جان رائٹ وغیرہ کا تفصیلی ذکر کیا ہے۔ لکشمن نے مزید کہا کہ وہ ہندوستانی ٹیم کو سنبھالنے کیلئے آئے تھے لیکن ان کی ٹیم سے اخراج کے وقت ٹیم کا شیرازہ بکھر گیا تھا اور ہندوستانی ٹیم کی کچھ کامیابیاں ان کی مرہون منت نہیں تھیں۔