گروکلا اسکولس کی پانچویں جماعت میں داخلے

19 اپریل کو انٹرنس، مہتمم تعلیمات کریم نگر لنگیا کا بیان
کریم نگر /15 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ تعلیمات تلنگانہ کے زیر اہتمام ریاست تلنگانہ گروکلا ودیالیہ سوسائٹی کے ذریعہ چلائے جانے والے گروکلا اسکول تائی پلی ، ونگارا اور نیرلا میں لڑکیوں کے لئے، پدا پور اور نندی میڈارم میں لڑکوں کا داخلہ کے لئے 19 اپریل کو کریم نگر، جگتیال، پدا پلی، منتھنی اور سرسلہ میں صبح گیارہ بجے تا دوپہر ایک بجے انٹرنس منعقد ہوگا۔ اس پانچویں جماعت (انگلش میڈیم) کے داخلہ امتحان کے او سی، بی سی، ایس سی اور بی سی طبقات کے طلبہ کی تاریخ پیدائش یکم ستمبر 2004ء اور 31 اگست 2006ء کے درمیان ہونی چاہئے۔ علاوہ ازیں متعلقہ ضلع میں دو سال تک سرکاری یا مسلمہ غیر سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرچکے ہوں اور 2013-14ء میں سرکاری یا مسلمہ اسکول میں چوتھی جماعت انگلش میڈیم یا تلگومیڈیم میں زیر تعلیم رہے ہوں، جب کہ امیدوار کے گارجین کی سالانہ آمدنی 60 ہزار روپئے سے تجاوز نہ ہو۔ داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو انگلش میڈیم کی معیاری تعلیم کے علاوہ کھانا اور دیگر سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ درخواست داخل کرنے سے قبل مکمل جانکاری کے لئے ویب سائٹ www.tresidential.cgg.gov.in پر تفصیل دیکھ سکتے ہیں۔ بعد ازاں می سیوا، اے پی آن لائن مرکز سے رجوع ہوکر 16 مارچ تک 50 روپئے فیس کے ساتھ درخواست داخل کی جاسکتی ہے۔