گرونانک انجینئرنگ کالج میں سافٹ ویر ٹکنالوجی کی ٹریننگ

بیدر ۔ 26 ۔ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جدید ٹکنالوجی نے دنیا بھر میں ایک نیا انقلاب برپا کردیا ہے خاص طور پر سافٹ ویر ٹکنالوجی و ترقی ہورہی ہے اس کو دیکھتے ہوئے نئی نسل کو اس سے آراستہ کر کے ان کو روزگار فراہم کرنے کیلئے Coudkoncept نامی کمپنی جس نے امریکہ اور یوروپ میں اپنے ماہرین کے ذریعہ سافٹ ویر ٹکنالوجی کے ذریعہ دنیا کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا ہے اور اس کمپنی نے اب بیدر کے گرونانک انجینئرنگ کالج میں ڈاٹا سنٹر کے ذریعہ طلباء کو اس میدان میں تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور کرناٹک میں مذکورہ کالج اس کیلئے منتخب کیا گیا جبکہ یہاں اس کام کیلئے تمام سہولتیں فراہم ہیں ۔ کمپنی ترجمان وگینایشور نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی جانب سے اس کالج میں طلباء کو اس میدان میں تربیت دینے کیلئے دس طلباء پر ایک ٹیچر رہیگا اور کہا کہ چار سالہ اس کورس کیلئے ہر سال کی تین ہزار روپئے فیس ہوگی اور ایک سو پچاس طلباء کو اس میں داخلوں کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر میکانیکل اور انجینئرنگ کے شعبہ میں جدید ٹکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے اس میں پیشرفت کی جائیگی اور اس میں نئے سافٹ ویر تیار کرنے کی طلباء کو تربیت دی جائیگی اور جب طلباء مکمل طور پر تربیت حاصل کریں گے تب ان کو کمپنی میں ملازمت فراہم کردی جائیگی اور مختلف کمپنیوں میں جہاں ضرورت ہوگی وہاں پر تقررات عمل میں آئیں گے ۔ سوشیل میڈیا فیس بک ، ٹیوٹر ، انٹرنل سوشیل میڈیا سافٹ ویر ویب میل اور سرکاری اور غیر سرکاری ادارے جات کے کاموں کو طلباء گھر بیٹھے کر کے کافی رقم کماسکتے ہیں اور ترقی یافتہ ممالک میں طلباء اس کورس سے کافی فائدہ اٹھارہے ہیں اور کہا کہ ہونہار طلباء کو کمپنی کی جانب سے مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی اور ان کو بیرونی ممالک کے تعلیمی اداروں اور سافٹ ویر کمپنیوں کا مشاہدہ بھی کمپنی کی جانب سے کردیا جائیگا جس سے طلباء کو بیرونی ممالک کے طلباء سے اس معاملہ میں معلومات حاصل کرنے کا موقع بھی مل سکتا ہے ۔ تربیت حاصل کرنے کے بعد اگر کوئی ہونہار طالب علم انجینئرنگ اور سیول اور دیگر شعبہ جات میں کوئی نئی سافٹ ویر تیار کرتا ہے اسی صورت میں وہ سافٹ ویر کمپنی کی ملکیت قرار پائیگا اور اس کیلئے ایک سروے کے مطابق 2009 ء میں امریکہ میں 50 فیصد تعلیمی سرگرمیاں انٹرنیٹ کے ذریعہ ہی دی گئی جس کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں اور کمپنی چاہتی ہے کہ ضلع بیدر کے طلباء بھی اس سے بھرپور فائدہ حاصل کرتے ہوئے روزگار کے ضامن بن جائیں گے ۔