حیدرآباد۔/5نومبر، ( سیاست نیوز) جگت گیری گٹہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں کھولتے ہوا پانی گرنے کے سبب شدید جھلس جانے والا تین سالہ کمسن آج فوت ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آدت جو راجیشور کا بیٹا 31 اکٹوبر کو جگت گیری گٹہ میں واقع اپنے مکان میں کھیل رہا تھا کہ اتفاقی طور پر کھولتا ہوا پانی اس کے جسم پر گر گیا جس کے نتیجہ میں وہ جھلس گیا تھا۔ ادت کو گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا اور آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں جگت گیری گٹہ کے علاقہ سری رام نگر بستی میں مندر میں پوجا کے دوران دیپ جلانے کے دوران جھلس جانے والی پانچ سالہ کمسن لڑکی فوت ہوگئی۔ پی ارچنا جو کروناکر کی بیٹی تھی4 اکٹوبر کو اپنے ماں باپ کے ہمراہ وہاں کے مندر میں پوجا کیلئے گئی ہوئی تھی اور دیپ جلانے کے دوران وہ شدید طور پر جھلس گئی تھی جس کے نتیجہ میں اسے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیاجہاں وہ آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں۔