گرمی میں لیموں پانی کا استعمال زیادہ فائدہ مند

گرمی کے دنوں میں خاص طور سے ہم زیادہ پیاس محسوس کرتے ہیں اور اس کی وجہ ہوتی ہے درجہ حرارت کا بڑھ جانا۔ جس کو ٹھنڈا کرنے کیلئے ہماری جلد مساموں سے پسینہ خارج کرنا شروع کرتی ہے۔ جب جسم میں پانی کم ہونے لگتا ہے تو اس کمی کو پورا کرنے کیلئے دماغ زیادہ پانی پینے کا مطالبہ کرتا ہے۔ سب سے اچھا عمل صاف و شفاف پانی پینا ہے لیکن اگر پانی کے علاوہ کچھ پینا چاہے تو’’ لیموں پانی ‘‘ کا استعمال سب سے بہتر ہے۔
قوت مدافعت میں معاون: لیموں میں اینٹی آکسیڈینٹ اور وٹامن سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس سے جسم کو بیماریوں سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے استعمال سے سانس کی نالیوں میں انفیکشن کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔ لیموں دافع سوزش کی خصوصیت رکھتا ہے۔ دمہ اور سانس کے مختلف مسائل میں بھی لیموں کا استعمال فائدہ مند ہے۔

کھانا ہضم کرنے میں معاون: لیموں کا شربت کھانا ہضم کرنے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ لیموں میں پائے جانے والے سائٹرس میں یہ خوبی ہوتی ہے کہ ہاضمہ کو درست کرلے۔ لیموں کا رس جگر کو صاف کرتا ہے اور معدہ میں موجود کھانا ہضم کرنے والے ہائیڈرو کلورک ایسیڈ کے ساتھ مل کر ہاضمے کے نظام کو بہتر بناتا ہے۔
جلد کو تروتازہ کرتا ہے:لیموں میں شامل وٹامن سی اور دیگر تمام اینٹی آکسیڈینٹ جلد کو نقصان پہنچانے سے روکتے ہیں۔ لیموں پانی پینے کے علاوہ اس کا عرق داغ دھبوں پر لگانے سے جلد میں کشش اور نکھار برقرار رہتا ہے۔ لیموں پانی جگر کو تقویت دینے کے علاوہ خون میں موجود فاسد مادوں کو باہر نکالتا ہے اس سے جلد میں تروتازگی برقرار رہتی ہے۔
لیموں توانائی بخش ہے: لیموں کا رس جیسے ہی پیٹ میں داخل ہوتا ہے تو آپ کا جسم توانائی سے بھرجاتا ہے اور ہشاش بشاش محسوس کرتا ہے۔