سرپور ٹاؤن۔/10مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی کونیرو کونپا کی جانب سے حلقہ اور تعلقہ سرپور ٹاؤن کے پانچ منڈلوں، کوٹالہ منڈل، بجور منڈل، دھیں گاؤں اور کاغذ نگر اور سرپور ٹاؤن منڈل کے مختلف علاقوں میں موسم گرما کے پیش نظر عوام کو ٹھنڈا ماحول فراہم کرنے کیلئے امبیل ( جواری کی امبیل ) کی تقسیم کرتے ہوئے عوام کو موسم گرما میں سہولت فراہم کی ہے اور یہ سلسلہ گذشتہ کئی مہینوں سے جاری ہے۔ اس ضمن میں 9مئی بروز ہفتہ رکن اسمبلی کونیرو کونپا کی جانب سے روانہ کی گئی لگ بھگ 600لیٹر امبیل کو سرپور ٹاؤن مستقر بس اسٹانڈ کے ہفتہ واری بازار میں میجر گرام پنچایت سرپنچ سید خضر حسین کے ہاتھوں غریب عوام میں مفت امبیل کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر رکن گرام پنچایت محمد عفت حسین، ٹی آر ایس قائدین، ایم اے سلیم، ایس رمیش، تکارام کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر میجر گرام پنچایت سرپنچ سید خضر حسین نے کہا کہ رکن اسمبلی کونیرو کونپا کی جانب سے مفت روانہ کی گئی جواری کی امبیل کو آج سرپور ٹاؤن کے عوام میں مفت تقسیم کی جارہی تاکہ موسم گرما میں عوام کو ٹھنڈک پہنچائی جائے۔