دسویں جماعت کی طالبات نے معلمات کا کردار ادا کیا
کوڑنگل۔ یکم مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد گرلز ہائی اسکول کوڑنگل میں سیلف گورنمنٹ ڈے کا انعقاد عمل میں آیا۔ دسویں جماعت کی طالبات نے مختلف مضامین کی معلمات کا رول ادا کرتے ہوئے دیگر جماعتوں میں درس و تدریس کا کام انجام دیا۔ مس نزہت یاسمین نے مہتمم تعلیمات کا کردار ادا کرتے ہوئے مڈڈے میلس کا مشاہدہ کیا اور تمام جماعتوں میں پہنچ کر درس و تدریس کا جائزہ لیا۔ عائشہ تہنیت نے نائب مہتمم تعلیمات اور امبیکا نے گزٹیڈ ہیڈ ماسٹر کا رول ادا کیا۔ تلگو میڈیم کی 20 اور اردو میڈیم کی 16 طالبایت نے معلمات کا کردار ادا کیا۔ دوسرے مرحلہ میں مدرسہ کے احاطہ میں مسٹر سرینواس ریڈی گزٹیڈ ہیڈ ماسٹر کی زیر صدارت جلسہ تقسیم انعامات منعقد ہوا، جس میں صبیحہ بیگم، نفیس بیگم اور صادقہ بیگم معلمات نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ ہیڈ ماسٹر سرینواس ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے درس و تدریس کے بہتر مظاہرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے طالبات فاطمہ کوثر، اسما بیگم، انیتا اور ملیشوری وغیرہ کو انعامات سے نوازا۔ علاوہ ازیں معلمات کا کردار ادا کرنے والی دیگر طالبات کو بھی ترغیبی انعامات دیئے گئے۔ معلمات مدرسہ ہذا نے انتظامات میں حصہ لیا، جب کہ فزیکل ٹیچر گائتری نے جلسہ کی کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔