تین افراد بشمول اصل سرغنہ گرفتار ، رچہ کنڈا پولیس کی اہم کارروائی
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( سیاست نیوز) رچہ کنڈا پولیس نے ایک اہم کارروائی میں کڈنی ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ، جس کی فیس بک کے ذریعہ تشہیر جاری تھی ۔ پولیس نے اس بین الاقوامی کڈنی ریاکٹ کو بے نقاب کرکے تین افراد بشمول اصل سرغنہ کو گرفتار کرلیا ، یہ بات کمشنر پولیس رچہ کنڈا مسٹر مہیش مرلیدھر بھگوت نے بتائی ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ نوئیڈا سے یہ ریاکٹ چلایا جارہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی میں ایک شکایت پر پولیس نے سنجیدگی سے غور کیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ سائبر سیل رچہ کنڈا کی ٹیم نے تحقیقات کے دوران اس حقیقت سے پردہ اٹھایا اور تین افراد بشمول اصل سرغنہ امریش پرتاپ کو گرفتارکرلیا ۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 37سالہ رنکی عرف ریتیکا اور 30سالہ سندیپ کمار کو بھی گرفتارکرلیا ۔ فیس بک کے ذریعہ انہوں نے گردے کی ضرورت کو ظاہر کیا تھا اور فون نمبر پیش کرتے ہوئے اس پر ربط کی خواہش کی تھی ۔ فیس بک پر اس پوسٹ کو دیکھنے کے بعد ایک شہری ان سے رابطہ میں آیا جس کا تعلق رچہ کنڈہ سے ہے ۔ اس کے بعد اس جعلساز ٹولی نے شکایت گذار کو دہلی طلب کیا ، سفر اور شب بسری کے اخراجات تمام اس شکایت گذار کو دیئے اور طبی جانچ کروائی اور پاسپورٹ کیلئے درخواست داخل کروائی جس کے بعد اس شخص کو جس کا گردہ چرا لیا گیا ، ترکی روانہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ انہیں گردہ ترکی میں تبدیل کرنا ہے ۔14 اگست ترکی روانگی سے قبل اس متاثرہ شخص کی ملاقات ایک ڈاکٹر ریتیکا سنگھ سے کروائی گئی جس نے خود کو مریض گگن اگروال کی ڈاکٹر بتایا اور متاثرہ شخص کو ترکی کے شہر اضمیر لے گئے ۔ جس کے بعد متاثرہ شخص کا گردہ نکال لیاگیا اور اس کے بعد امریش پرتاپ نے متاثرہ شخص کو رقم دینے سے انکار کردیا جس کو 20لاکھ روپئے دینے کاوعدہ کیا گیا تھا ۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد تینوں کو گرفتار کرلیا ۔مزید تحقیقات جاری ہیں ۔