گردوں کی پیوندکاری کا بین الاقوامی ریاکٹ

حیدرآباد 16 فبروری (سیاست نیوز) گردوں کی پیوندکاری کا بین الاقوامی ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے کمشنر ٹاسک فورس نے چار افراد بشمول ایک ڈاکٹر کو گرفتارکرلیا ۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کوآرڈینیٹر مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ 60 سالہ ڈاکٹر ہردیش سکسینہ متوطن شرڈی احمد نگر مہاراشٹرا غیر قانونی طور پر اعضاء کی تبدیلی کا بین الاقوامی ریاکٹ اپنے دیگر ساتھیوں کے رگھویندرا عرف ڈاکٹر سنجے کپور ‘ اے اشوک اور پاسپورٹ ایجنٹ 32 سالہ سنجے کمار جین کی مدد سے سری لنکا اور ایران میں چلا رہا تھا۔ مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ رگھویندرا‘ معطی کو فراہم کرنے کیلئے 50 ہزار روپئے بطور کمیشن حاصل کیا کرتا تھا جبکہ سنجے کمار جین 30 تا 40 ہزار روپئے میں خواہشمند افراد کیلئے پاسپورٹ تیار کرتا ۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ ڈاکٹر سکسینہ اور اس کے ساتھی سوشیل میڈیا اور سب ایجنٹس کی مدد سے معطی کو تلاش کرنے کے بعد اسے گردے کا عطیہ دینے پر 5 لاکھ روپئے فراہم کرتے اور پاسپورٹ موجود نہیں ہونے والے معطی کو 3 لاکھ روپئے فراہم کرتے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ڈاکٹر سکسینہ انفرادی طور پر یہ ریاکٹ چلا رہا تھا اور چینائی کے رام کمار کی مدد سے اس نے ایران‘سری لنکا کے معطی کی تلاش کے بعد ان کے گردے تبدیل کئے ۔ گرفتار ڈاکٹر ویسٹرن ہاسپٹل ‘لنکا ہاسپٹل اور ناوالوکا ہاسپٹل جو کولمبو میں موجود ہے اور محیب ہاسپٹل جو ایران کے شہر تہران میںموجود ہے میں اعضاء گردوں کی تبدیلی کے آپریشنس کیا کرتے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اب تک پانچ 10 افراد کے گردے ایران اور سری لنکا میںتبدیل کئے گئے ۔ مسٹر کمار نے بتایا کہ معاشی پریشانیوں سے دوچار افراد اپنا گردہ لاکھوں روپئے کے عوض فروخت کررہے تھے جبکہ ڈاکٹر سکسینہ اور اس کی ٹیم ایران و کولمبو میں 13 لاکھ روپئے بطور دواخانہ کا خرچ اور دیگر اخراجات کے نام پر لاکھوں روپئے حاصل کررہے تھے۔ ٹاسک فورس نے گرفتار افراد کے قبضہ سے 9 پاسپورٹس‘ میڈیکل رپورٹس‘ لیاپ ٹاپس‘ موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔