گرداس پور حملہ : ہندوستان کا الزام بے بنیاد : پاکستان

اسلام آباد ۔ /30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ہندوستان کا یہ استدلال مسترد کردیا کہ گرداس پور حملہ آور پاکستانی سرزمین سے آئے تھے اور کہا کہ اس طرح کے اشتعال انگیز تبصرے علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ثابت ہوں گے ۔ اس کے علاوہ ہندوستان سے خواہش کی ہے کہ انگشت نمائی سے پہلے ٹھوس ثبوت پیش کرے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے آج ایک بیان میں کہا کہ حکومت پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو یکسرمسترد کرتی ہے جو ہندوستانی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں عائد کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا اشتعال انگیز تبصرہ علاقہ میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ بن سکتا ہے ۔ انہوں نے یہ ردعمل ایسے وقت ظاہر کیا جبکہ راجناتھ سنگھ نے راجیہ سبھا میں بیان دیتے ہوئے گرداس پور حملے کو پاکستان سے مربوط کیا تھا ۔