لندن ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے انگلش ٹیم کے بیٹنگ کوچ گراہم گوچ کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ گوچ نے 2009ء میں انگلینڈ کوچنگ نظام میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ای سی بی کی طرف سے جاری اعلان کے مطابق ٹیم کے کپتان الیسٹر کک اور کوچ پیٹر مروس سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ مینیجنگ ڈائریکٹر پال ڈاؤٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ گوچ نے گزشتہ چار برسوں کے دوران اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی اور ہم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، بلا شبہ وہ بہترین کوچ ہیں تاہم کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی ٹیم کے وسیع مفاد کو سامنے رکھ کر کی گئی ہے۔ گراہم گوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ عہدے سے ہٹائے جانے پر بے حد مایوسی ہوئی۔ الیسٹرکک اور پیٹر مورس نے جو سفارشات کیں میں ان کی عزت کرتا ہوں اور میرے خیال میں کک انگلینڈ ٹیم کی کپتانی کیلئے موزوں ہیں۔اس ضمن میں کپتان الیسٹر کک نے کہاکہ میرے اور گراہم گوچ کے تعلقات کے بارے میں سب جانتے ہیں۔میں 17 سال کی عمر سے ان کے ساتھ ہوں۔
پہلا حفیظ میموریل فٹبال ٹورنمنٹ کا 4 مئی کو آغاز
حیدرآباد ۔ 2 مئی (راست) اے پی ایف آر اے کی سرپرستی میں پہلا حفیظ میموریل نان رفیلیڈڈ ناک اوٹ فٹبال ٹورنمنٹ 9+3 ٹیم کے ساتھ 4 مئی کو حیدرآباد اسپورٹنگ گراونڈ پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ رقمی انعامات، ٹرافیس و مومنٹوس دیئے جائیں گے۔ ٹورنمنٹ کی دیگر تفصیلات کیلئے کنوینر محمد ہاشم 9849295035 ، سکریٹری محمد شوکت علی سے فون نمبر9848948837 پر ربط کریں۔