مکتھل۔ 5 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکتھل گرام پنچایت عصر حاضر کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے اور اب دیہی علاقوں کے عوام کو بھی اپنی بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے آن لائن اسنادات بہ سہولت فراہم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی مکتھل مسٹر سی رام موہن ریڈی نے مکتھل گرام پنچایت میں ای سیوا مرکز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ مسٹر رام موہن ریڈی MLA مکتھل نے عو ام سے اپیل کی کہ وہ اپنے رہائشی تصدیق نامے، پیدائش کا سرٹیفکیٹس، ضامن روزگار اسکیمات کے شناختی کارڈز وغیرہ گرام پنچایت مکتھل آن لائن حاصل کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر سرپنچ مکتھل شریمتی بھاگیہ چندرا کانت گوڑ، اکلا ستیہ نارائنا، سی نظام پاشاہ، بی کونڈیا، گوپال ریڈی اور اصغر علی کونسلر موجود تھے۔