ڈبلن۔ 22 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقی ٹسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان گرائم اسمتھ نے آئرلینڈ کی شہریت حاصل کرلی ہے‘ تاہم انہوں نے جنوبی افریقی شہریت بھی برقرار رکھی ہوئی ہے۔ اسمتھ کی اہلیہ مورگن ڈین کا تعلق آئرلینڈ سے ہے۔ آئرش شہری بننے کے سبب وہ جب بھی جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی سے دستبردار ہوں گے انہیں فوری طور پر آئرش کرکٹ ٹیم میں شمولیت کا حق مل جائے گا۔ تاہم انہوں نے ابھی اس کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا ہے۔ اسمتھ واضح کرچکے ہیں کہ وہ ورلڈ کپ 2015 تک افریقی ٹیم کی نمائندگی کی خواہش رکھتے ہیں تاہم ان کی میگا ایونٹ کیلئے ٹیم میں شمولیت یقینی نہیں کیونکہ انہوں نے گذشتہ 8 ونڈے میں سے وہ ایک مرتبہ بھی 30 سے زائد رنز اسکور نہیں کئے ہیں۔ اسمتھ کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے نوجوان اوپنر کوئین ڈی کاک شاندار مظاہرہ کرنے کے علاوہ ہندوستان کے خلاف حالیہ منعقدہ ونڈے سیریز میں متواتر تین سنچریاں اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا ہے جس سے اسمتھ کیلئے ونڈے ٹیم میں حالات مشکل ہوچکے ہیں۔
آج نیوماڈل اسکول کا اسپورٹس ڈے
حیدرآباد ۔ 22 جنوری ۔ (راست ) جناب خلیل الرحمن سکریٹری نیو ماڈل اسکول کی اطلاع کے بموجب اسکول کا اسپورٹس ڈے پروگرام آج 23 جنوری صبح دس بجے سے چندولعل بارہ دری اسپورٹس کامپلکس پر مقرر ہے ۔ مسٹر آئی نہرو بابو ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر اور مسٹر پریم راج ڈائرکٹر اسپورٹس جی ایچم ایم سی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ محمد عثمان اور میر محتشم علی اعزازی مہمانان ہوں گے ۔