دہشت گردی صرف کشمیر تک محدود ، محبوب نگر میں جلسہ عام وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب
محبوب نگر /29 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ملک میں گذشتہ 5 سالوں میں کوئی بم دھماکہ نہیں ہوا اور دہشت گردی صرف کشمیر تک محدود ہے ۔ جس کا خاتمہ بھی عنقریب ہوجائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سہ پہر محبوب نگر کے نواح بھوت پور کے وسیع میدان میں منعقدہ جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے عہد کیا کہ ملک کی سلامتی اور وکاس پر بی جے پی حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 5 سالہ دور میں ملک کی ترقی کیلئے کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے ۔ جس میں میزائل کا کامیاب تجربہ بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کانگریس کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے سرجیکل اسٹرائک کیا تو کانگریس اس کا ثبوت مانگ رہی ہے ۔ کیا یہی ان کی ملک سے وفادار ہے ۔ جدید بھارت کی تعمیر کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام اونچا کرنا ہی ہمارا مقصد ہے ۔ ملک میں عوام گذشتہ 5 برس سے بے خوف زندگی گذار رہے ہیں ۔ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ہم ملک کی حفاظت کیلئے کام کر رہے ہیں اور اپوزیشن ذاتی مفادات کیلئے کام کر رہی ہے ۔ کے سی آر نے گذشتہ 5 برسوں میں عوام کیلئے کیا کیا جبکہ یہی سے ایم پی منتخب ہوکر تلنگانہ حاصل کیا ۔ گذشتہ 60 ماہ سے آپ نے میری حکمرانی دیکھی ہے ۔ اب اپوزیشن کے گمراہ کن پروپگنڈہ میں نہ آئیں ۔ میں آپ کا چوکیدار ہوں پھر ایک مرتبہ آپ کے آشیرواد کیلئے آیا ہوں ۔ انہوں نے ایوش مان واہا اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے 50 کروڑ غریب عوام اس سے مستفید ہوئے ۔ آروگیہ بھیما کے تحت 5 لاکھ کی رقم منظور کروائی گئی ۔ لیکن ریاست تلنگانہ میں اس کو نافذ نہیں کیا گیا ۔ مفت گیاس کنکشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں 7 کروڑ کنکشن جبکہ تلنگانہ میں 9 لاکھ کنکشن دئے گئے ۔ انہوں نے غریب عوام کے مکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں دیڑھ کروڑ مکانات غریب عوام کو دئے گئے ۔ کے سی آر سے سوال کیا کہ آپ نے کتنے ڈبل بیڈرومس تقسیم کئے ۔ انہوں نے کے سی آر حکومت پر الزام لگایا کہ مرکزی حکومت کی اسکیمات کا نام تبدیل کرکے اس کا کریڈیٹ خود حاصل کر رہی ہے ۔ مرکزی بی جے پی حکومت کے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے کی تعمیر ، محبوب نگر تا منیرآباد اور منیرآباد تا سکندرآباد ریلوے لائین اور صحت و صفائی کیلئے سوئچ بھارت اور کئی اسکیمات شامل ہیں ۔ وزیر اعظم 3 بجے جلسہ گاہ پہونچے اور چلچلاتی دھوپ میں عوام کو مخاطب کیا ۔ ان کی ہندی تقریر کا ترجمہ مرلیدھر راؤ نے تلگو میں کیا ۔ شہ نشین پر محبوب نگر حلقہ کی امیدوار ڈی کے ارونا اور ناگرکرنول کی امیدوار بنگارو سروتی کا تعارف کروایا ۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے اے پی جتیندر ریڈی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے پرانے ساتھی بھی یہاں موجود ہیں ۔ شہ نشین پر ضلع صدر پدمجا ریڈی ، سابق مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ رتن پانڈو رنگاریڈی ، ناگوراؤ ناماجی و دیگر موجود تھے ۔