ڈیڑھ لاکھ سے زائد رقم کی چوری ، پولیس مصروف تحقیقات
گدوال /15 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گدوال ٹاون کے ہاوزنگ بورڈ کالونی میں آج علی الصبح سرقہ کی واردات پیش آئی ۔ پولیس کی اطلاع کے بموجب تفصیلات اس طرح ہیں کہ گدوال ٹاون کے ہاوزنگ بورڈ کالونی کے متوطن ایک وظیفہ یاب ٹیچر مسٹر وسنتا رائیڈو اور ان کی اہلیہ طبعیت ناساز رہنے کی وجہ سے حیدرآباد ہاسپٹل چلے گئے تھے ۔ اور ان کا بیٹا ہری پرساد اور بہو جئے سری مکان پر ہی موجود تھے ۔ صبح کے اوقات میں ہری پرساد کا بیٹا کچھ کام سے بازار گیا ہوا تھا اور ہری پرساد کی بیوی جئے سری دروازہ بند کرکے غسل خانے میں چلے گئی تھی ۔ جئے سری پانی نہاکر آنے تک الماری سے ایک لاکھ 65 ہزار روپئے کا سرقہ ہوگیا ہے اور کپڑے نیچے گرے ہوئے تھے ۔ یہ دیکھ کر جئے سری اپنے شوہر ہری پرساد کو فون پر اطلاع دی تو ہری پرساد نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی ۔ فوری حرکت میں آتے ہوئے ڈی ایس پی گدوال شاکر حسین اور سب انسپکٹر ستیہ نارائنا مقام واردات پر پہونچ گئے اور تفصیلی معائنہ کیا اور اس تعلق سے مقدمہ بھی درج کیا گیا ۔ ڈی ایس پی شاکر حسین نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک پولیس ٹیم تشکیل دے کر بہت جلد ان سارقوں کو گرفتار کیا جائے گا اور سخت سزا دی جائے گی ۔