گجویل میں فائر اسٹیشن کے قیام کیلئے 2.7 کروڑ روپئے کی منظوری

گجویل۔/4مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی گجویل میں مستقل طور پر فائر اسٹیشن کے قیام کیلئے حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ چار پانچ سال قبل مستقر گجویل کے پارک کے قریب ایک شیڈ میں آؤٹ پوسٹ فائر اسٹیشن کا قیام عمل میں آیا تھا جس میں صرف پانچ چھ افراد پر مشتمل کنٹراکٹ عملہ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ درکار عملہ نہ ہونے کی وجہ سے دشواریاں پیش آرہی تھیں۔ گجویل کو مستقل طور پر فائر اسٹیشن کی منظوری دینے کے علاوہ اس فائر اسٹیشن کے قیام کیلئے فی الحال حکومت کی جانب سے 2کروڑ 7لاکھ روپئے کی منظوری عمل میں آئی۔ اس فائر اسٹیشن کی مکمل کارکردگی کیلئے حکومت 34 افراد کے عملے کے تقرر کے اقدامات کررہی ہے۔ فائر اسٹیشن کے قیام کیلئے حلقہ اسمبلی گجویل کے ملگ، ورگل، توپران، جگدیو پور، دولت آباد کے علاوہ کونڈہ پاک منڈل میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

اسسٹنٹ ڈیویژنل انجینئر کرنول ایک
لاکھ روپئے رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد۔/4مارچ، ( پریس نوٹ ) اسسٹنٹ ڈیویژنل انجینئر اے پی ایس پی ڈی سی ایل کرنول کو تکمیل شدہ کاموں کی بابت معائنہ اور ای ایم ڈی سیکوریٹی ڈپازٹ کی اجرائی کیلئے درخواست گذار سے ایک لاکھ روپئے رشوت کا مطالبہ کرنے اور قبول کرنے کے دوران اے سی بی عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور رقم کو عہدیدار کے پاس سے برآمد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ مذکورہ عہدیدار کو اے سی بی عدالت کرنول کے روبرو پیش کیا جائے گا۔