گجویل میں سرکاری گودام کی تعمیر کا منصوبہ

منڈل پریشد میٹنگ ہال میں صدر چنا ملیا کا خصوصی اجلاس سے خطاب
گجویل۔ 25 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمارا منڈل اور ہمارا منصوبہ پروگرام کے تحت آج مستقر گجویل کے منڈل پریشد میٹنگ ہال میں نومنتخب شدہ صدر جناب یلیشورم چنّا ملیا کی زیرصدارت میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں تمام محکمہ جات کی کارکردگی پر متعلقہ معاون اراکین نے تفصیلی جانکاری حاصل کی اور سرپنچوں کے علاوہ ایم پی ٹی سیس نے محکمہ تعلیم کے علاوہ محکمہ برقی عہدیداروں کی تساہلی پر غصہ کا اظہار کیا اور اُن سے سخت نوٹ لیا۔ اس پہلے اجلاس میں بھاری رقم سے منڈل کے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے کم از کم 45 لاکھ روپیوں کی منظوری کیلئے حکومت کو قرار داد روانہ کی گئی ۔ منڈل پریشد صدر چنّا ملیّا نے بتایا کہ موضع جالبیگاؤں تا گیری پلی ، موضع ایمن گوڑ تا درچادرم ، اور موضع ہنگلا ویسکاپور تا موضع وکناما مان پلی ، اس طرح موضع کولگوستا سیری پلی کم از کم فی الحال موجود تین کلومیٹر بی ٹی سڑکوں کو میٹیل سڑکوں میں تبدیل کرنے کامنصوبہ ہے ۔ اس کے علاوہ موضع سنگائم میں حیوانات کے دواخانہ کی پختہ بلڈنگ کی تعمیر اور موضع احمدی پور میں 50 لاکھ کی تخمینی لاگت سے اناج کو ذخیرہ کرنے کی غرض سے سرکاری گودام کی تعمیر اور موضع پیڈچیڈ میں منی ملک چلنگ سنٹر کا قیام اور موضع الارم میں اور موضع دھرماریڈی پلی میں مارکیٹ یارڈ گودام کی تعمیری کاموں کا منصوبہ بناکر حکومت کو رقمی منظوری کیلئے قرارداد روانہ کی گئی ہے ۔ صدر چنّا ملیا نے بتایا کہ وزیراعلیٰ چندرشیکھر راؤ جوکہ حلقہ اسمبلی گجویل کی نمائندگی کرتے ہیں اس حلقہ اسمبلی گجویل کی ترقی کیلئے کل 25 کروڑ روپیوں کی منظوری کااعلان کیا ہے جوکہ حلقہ اسمبلی گجویل کے عوام کیلئے ایک خوش آئند بات ہے ۔ اس اجلاس میں منڈل نائب صدر رچیتا منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر کوشلیا دیوی ، تحصیلدار گجویل سرینواس ، منڈل کے ایم پی ٹی سی اور سرپنچوں اور منڈل معاون رکن محمد احمد کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے ۔