بس ۔ لاری اور کوالیس ایک دوسرے سے ٹکراگئیں‘ 20 افراد زخمی
حیدرآباد 26 مئی ( سیاست نیوز ) ضلع سدی پیٹ کے گجویل منڈل کے موضع رمن گوڈ راجیو راہداری پر پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں 10 افراد فوت ہوگئے جبکہ دوسرے 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مہلوکین میں تین خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ تفصیلات کے بموجب ایک سرکاری بس جو حیدرآباد سے منچریال روانہ ہوئی تھی راجیو راہداری پر ایک بس کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں مخالف سمت سے آنے والی لاری سے ٹکرا گئی اور پھر اس کی زد میں ایک کوالیس گاڑی بھی آگئی ۔ اس حادثہ کے نتیجہ میں کوالیس ویان میں سوار لکشمن 40 ، مہیش 30 ، دھرماما 50 سال ، ناریکا 5 ، سرینواس 3، ستوا 60 ، سشیلا 55 کے علاوہ بس میں سوار راہول 10 ، نکھل 25 ، سندھو جا 35 ، جائے وقوع پر ہی فوت ہوگئے ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی 15 افراد کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا بعد ازاں پولیس گجویل نے نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری دواخانہ منتقل کر کے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اس حادثہ سے سرکاری دواخانہ گجویل میں پسماندگان کا ماتم کا منظر دکھائی دے رہا تھا ۔ حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو بھی بغرض علاج دواخانوں میں شریک کردیا گیا ہے ۔ زریں اثناء وزیر بھاری آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے دواخانہ گجویل پہونچ کر پسماندگان کو پرسہ دیا ۔علاوہ ازیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنائیں۔